عید پر بلدیات اہلکاروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے،کامران بنگش

گاؤں اور محلہ کونسل کے نمائندگان، ٹی ایم ایز، واٹر سینیٹیشن سروسز کمپنیز، اور شہری ترقی کے ادارے پوری طرح متحرک رہے،معاون خصوصی بلدیات و اطلاعات

پیر 3 اگست 2020 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں محکمہ بلدیات کے اہلکار صفائی اور آگاہی مہم میں مصروف رہے۔گاؤں اور محلہ کونسل کے نمائندگان، ٹی ایم ایز، واٹر سینیٹیشن سروسز کمپنیز، اور شہری ترقی کے ادارے پوری طرح متحرک رہے اور کسی قسم کی کوتاہی رپورٹ نہ ہوئی۔اہلکار اور عوام سب قابل تعریف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی برائے بلدیات و اطلاعات کامران خان بنگش نے عید کے دوسرے روز محکمہ بلدیات کی بعد از قربانی صفائی ستھرائی کے آپریشن کلین اپ کو سراہتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میںکیا ۔معاون خصوصی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے قربانی کے بعد آلائشیں ٹھکانے لگانے اور صفائی مہم کا بذات خود آغازکرتے ہوئے عیدالاضحی کا پورا دن اپنے عملہ کے ساتھ فیلڈ میں گُزارا۔

(جاری ہے)

پشاور میں WSSP اور ٹی ایم ایز نے بھرپور جانفشانی کامظاہرہ کیا۔ WSSP کے چیف ایگزیکٹیو، جنرل منیجراور 2775 اہلکاروں نے پورا دن اور رات شہر کو صاف رکھا۔ میں خود اُن کیساتھ میدان عمل میں رہا اور مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔کامران خان بنگش نے کہا کہ پشاور سے ملحقہ علاقوں میں صفائی مہم کو جانچنے کیلئے وہ دوپہر کے بعد چارسدہ گئے جہاں پر محکمہ بلدیات کے نمائندگان بھرپور انداز میں مگن رہے۔

ٹی ایم اے چارسدہ کے ارکان مکمل طور پر چوکناتھے۔ ٹی ایم او بذات خود نگرانی کررہے تھے جبکہ بازار میں چمڑے کے ڈھیر دیکھ کر اُن کو نوٹسز بھی جاری کئے۔دیگر اضلاع میں بھی عیدالاضحی آپریشن کامیاب رہا جن میں بالخصوص مردان، نوشہرہ، صوابی، ایبٹ آباد، بنوں، کوہاٹ، ڈی آئی خان، کرک، مینگورہ غرضیکہ پورے صوبے سے اطلاعات تسلی بخش رہیں جبکہ میں وزیراعلیٰ کی ہدایات پر خود نگرانی کررہا ہوں اور آج بھی مذکورہ مہم جاری رہے گی۔

عید قربان کی صفائی مہم کیلئے کئے گئے ہوم ورک بارے کامران بنگش نے بتایا کہ عید سے قبل ہی محکمہ بلدیات نے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اُٹھائے تاکہ عوام کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ 199 مویشی منڈیاںقائم کی گئیں جن کو باقاعدہ ایک ترتیب کے تحت ڈیزائن کیا گیا اور وہاں پر احتیاطی تدابیر کا بھی ایک نظام وضع کیا گیا۔

محکمہ بلدیات نے آلائشیں ایک جگہ پر اکٹھی کرنے کے لئے بھی ایک منظم پلان ترتیب دیا جس کے تحت مختص جگہوں پر بینرزآویزاں کئے گئے اور ساتھ ہی ساتھ عوام الناس کو آگاہ بھی رکھا تاکہ گندگی کو نہ پھیلنے دیا جائے ۔ صوبہ بھر میں ماحول دوست بیگز بھی تقسیم کئے گئے جس میں عوام آلائشیں ڈال کر مخصوص جگہوں پر رکھ سکیں۔ پانچ لاکھ سے زائد بیگز کی تقسیم بھی ایک موثر طریقہ ثابت ہوئی جس کی وجہ سے گندگی کو قابو کیا گیا اور ماحول صاف ستھرا رہا۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے تحت تمام ٹی ایم اوز و متعلقہ افسران کی کارکردگی جانچنے اور تمام اُمور کی انجام دہی کے لئے ایک خودکار آئی ٹی بیسڈ سسٹم بھی بنایا گیا ہے جس کے تحت محکمہ کے ذمہ داران اپنی کارکردگی رپورٹ کرتے ہیں۔اس نظام سے تمام اہلکار اپنی کارروائیاں بمعہ سرٹیفیکیٹ دیتے ہیں۔ اس سے تمام ذیلی اداروں کی کارکردگی کی جانچ ہوتی ہے۔ ’’میں تمام اہلکار اور ذیلی اداروں کے ٹی ایم اوز، سی ای اوز اور سیکرٹریز کا ذاتی طور پر مشکور ہوں جنہوں نے دن رات محنت کرکے اپنی قابلیت اور محنت کا لوہا منوایا۔ آپ کی بدولت صوبائی حکومت ہمیشہ سُرخرو رہی اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کاسامنانہیں کرناپڑا۔

متعلقہ عنوان :