لیسکو چیف کی ہدایت پر بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن

ناردرن زون کی مختلف سب ڈویژنز کے 35 کنکشنز میں بے ضابطگیاں پکڑی گئیں

پیر 3 اگست 2020 18:55

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو ) کے چیف ایگزیکٹومجاہد پرویز چٹھہ کی خصوصی ہدایات پرپیر کے روز بجلی چوروں کیخلاف سرچ آپریشن کیاگیا،جس میں ناردرن زون کی مختلف سب ڈویژنز کے 35کنکشنزمیں بے ضابطگیاں پکڑی گئیں۔ فیلڈ اسٹاف نے گلشن راوی، بند روڈ، ساندہ، نواں کوٹ، ڈھولنوال، چوبرجی پارک ،رچنا ٹائون ،فیض پور،علی پارک،شاہدرہ، امین پارک،کریم پارک، بیگم کوٹ، قلعہ محمدی ، بلال گنج، شیراں والا گیٹ، شاہ عالم گیٹ،بھاٹی گیٹ،داتا نگر، چاہ میراں،وسن پورہ اوربرج اٹاری سب ڈویژنز کے زیرِ انتظام علاقوں میں1455کنکشنز چیک کئے گئے جہاں دوران چیکنگ35 کنکشنز میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

ایس ای ناردرن محمد آصف مجید کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں23میٹر ڈائریکٹ سپلائی ،02ڈسپلے واش،01ڈسپلے اوپن، 04میٹر ڈیڈ سٹاپ،01 میٹر سلو،02میٹر ریورس جبکہ02مختلف نوعیت کے کیسز تھے۔

(جاری ہے)

تمام بے ضابطہ کنکشن منقطع کرکی97,276یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔ پکڑے جانے والی28 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی ہیں۔ محمد آصف مجید نے کہاہے کہ لیسکو میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کیلئے ٹاسک فورس اور لیسکو آپریشن اور سرویلنس کی ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے، علاوہ ازیں ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجب الادا رقومات کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :