پشاور میں سرکاری تعطیلات کے بعدبھی چھٹی کاماحول رہا

پیر کو سرکاری ملازمین کی حاضری برائے نام رہی ،دکانیں اور تجارتی مراکز بھی بند رہے

پیر 3 اگست 2020 19:45

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) صوبائی دارلحکومت پشاور اور ملحقہ علاقوں میں عیدالاضحی کی تین روزہ تعطیلات کے بعد پیرکونجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین نے اپنے اپنے دفاتر میں حاضر ہوکر معمول کے دفتری اور دیگر امور نمٹائے جبکہ سرکاری اداروں میںملازمین کی حاضری برائے نام رہی،صوبے کے در دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے وہ سرکاری ملازمیں جو عید منانے اپنے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرچکے تھے،وہ ابھی تک پشاورشہر واپس نہیں آئے،ملازمین کا کہنا تھا کہ عید الاضحی پر حکومت نے صرف ایک چھٹی دیکر ملازمین کے ساتھ زیادتی کی ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کی چھٹیاں تو روایتی چھٹیاں ہیں۔

دوسری طرف نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کا کہناتھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے ہزاروں لاکھوں افراد کا روزگار متاثر ہو اہے ، اس لئے وہ ان حالات میں بھی ملازمتوں پر کام کرنا خوش نصیبی سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

لہذا انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ عید الاضحی پر کم چھٹیاں منانے کا موقع ملا ہے ۔دوسری طرف کاروباری افراد اور تاجر برادری حکومت کی جانب سے عید پر صرف تین چھٹیاں دینے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے نظر آئے ۔تاجروں کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی کشتی جو کورونا وبا کی وجہ سے ہچکولے کھارہی ہے ، کے لئے ضرروی ہے قوم چھٹیوں میں اپنا وقت ظائع کرنے کے بجائے کاروبار اور دیگر سرگرمیوں پر توجہ دے تاکہ کورونا وبا کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات کا آزالہ کیا جاسکے۔