عیدالاضحی ،پشاور شہر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا

پیر 3 اگست 2020 20:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) صوبائی دارلحکومت پشاور میں مختلف علاقوں میں عید کے تیسرے روز بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی ۔جس کے نتیجے میں لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوا، اس کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں سے لو وولٹیج کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔شہریوں نے پیسکو حکام سے بجلی کی فرہمی کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر اندرون شہر ،پوش علاقوں اور نواحی علاقوں میں عید کے دنوں میں بھی گھنٹوں بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جسکی وجہ سے عوام نالاں نظر آئے ۔ عید کے موقع پر مختلف علاقوں میں جاری لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو قربانی کے گوشت محفوظ بنانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ، بعض شہریوںنے بجلی لودشیڈنگ کی وجہ سے گوشت خراب ہونے کی بھی شکایات کیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مطابق صوبائی حکومت نے عید کے دنوں میں بجلی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم حکومت اپنے دیگر وعدوں کی طرح بجلی فراہمی کے وعدے کی بھی پاسداری میں مکمل طور پر ناکام نظر ا ٓئی ۔انہوںنے مزید کہا کہ پیسکو کی بدانتطامی کی وجہ سے عوام کو سخت گرمی میں مشکلات سے دو چار ہونا پڑا اور عید کی خوشیاں بھی صحیح طریقے سے نہیں منا سکے ،شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے پسکو حکام فوری اقدامات کرے تاکہ گرمی میں بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہو سکے واضح رہے کہ عید کے تیسرے روز بجلی لوڈشیدنگ کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج مظاہرے بھی کیے گئے ۔