نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے 466ارب روپے کی ریکوری کی ہے جو نمایاں کامیابی ہے

جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کی کارکردگی گزشتہ 34ماہ کے دوران پہلے سے زیادہ بہترین رہی، پاکستان کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں مسلسل بہتری آ رہی ہے: چیئرمن ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان

پیر 3 اگست 2020 21:05

نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے 466ارب روپے کی ریکوری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں نیب کی مجموعی کارکردگی با لخصوص ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی 30جولائی کی رپورٹ پر غور کیا گیا۔جن میں چیئرمن ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان سہیل مظفرنے کہا کہ جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کی کارکردگی گزشتہ 34ماہ کے دوران پہلے سے زیادہ بہترین رہی ہے۔

نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے 466ارب روپے کی ریکوری کی ہے جو نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوانی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان کے کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

1999میں پاکستان کا سی پی آ ئی سکور100میں سے 22تھا جبکہ درجہ بندی میں 99میں سے 87ویں نمبر پر تھا۔

2019میں پاکستان کا سی پی آئی سکور 100میں سے 32تھاجبکہ درجہ بندی میں180ممالک میں سے 120واں نمبر تھا۔ا انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی کا موازنہ 2016میں جنوبی ایشیاء کے انسداد بد عنوانی کے 27اداروں کی کارکردگی سے کیا گیا۔نیب کی کارکردگی کے اشاریے دیگر ممالک کے اداروں سے بہت بہتر ہیں۔پاکستان کے اندر ایف آئی اے اور تمام صوبائی اینٹی کرپشن اداروں کے مقابلے میں نیب کی کارکردگی زیادہ مؤثر ہے۔

انہوں نے نیب آ رڈیننس 1999میں ترمیم کے لئے مذاکرات میں حالیہ پیشرفت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف احتساب کیلئے نیب آرڈیننس 1999میں ترامیم کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن یہ ترامیم حکومت کی جانب سے یو این سی اے سی کے تحت انسداد بدعنوانی،فٹیف،اوای سی ڈی کنونشن اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے کئے گئے وعدوں کو مدنظر رکھ کر کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 9اگست 2007کو یو این سی اوسی کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن پر دستخط کئے۔صدر پاکستان نے آرٹیکل 6کے تحت نیب کو نامزد کرکے یہ اختیار دیا کہ وہ ملک میں خاص طور پر انسداد بد عنوانی کے لئے اقدامات کرے گا اور عالمی سطح پر تعاون فراہم کر ے گا۔نیب سے مزید فعالیت کی توقع ہے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے گزشتہ سال 26اگست 2019کو اپنی رپورٹس میں کہا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال 51سال عدالتی تجربہ رکھتے ہیں۔

وہ پہلے چئیرمین نیب ہیں جو قائم مقام چیف جسٹس آ ف پاکستان رہے۔چئیرمین نیب نے بزنس کمیونٹی سے روابط کو فروغ دیا تاکہ وہ پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی محسوس کریں۔کیونکہ وہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان انسداد بدعنوانی کے لئے آگاہی اور تدارک کی کوششوں میں نیب سے ملکر کام کر رہا ہے اور بہت ٹریننگ کے پروگرام اور ورکشاپس منعقد کی ہیں بالخصوص نیب کے بزنس کمیونٹی کے ساتھ روابط،این سی ایسی ایس اور یواین سی اے سی میں معاونت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمن نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔نیب ہر قسم کی بد عنوانی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔ٹھوس دستاویزی ثبوت پر مبنی انکوائریوں اور انویسٹیگیشن میں مزید بہتری کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا گیا ہے۔اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے متعلقہ ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر کی نگرانی میں سینئر انویسٹیگیشن آفیسر،جونئیر انویسٹیگیشن آ فیسر، ایڈیشنل ڈائریکٹر انویسٹیگیشن بطور کیس آ فیسر،لیگل کونسل،مالیات اور لینڈ ریونیو کے ماہرین تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہیں۔

نیب نے اپنی ٹریننگ اینڈ ریسرچ اکیڈمی قائم کی ہے۔جس میں نیب کے انویسٹیگیشن آ فیسر اور پراسیکیوٹر کو منی لانڈرنگ اور وائٹ کالر کرائمز سے نمٹنے کے لئے جدید خطوط پر تربیت دی جاتی ہے۔دستاویزات اور فنگر پرنٹ کی جانچ پڑتال اور ڈیجیٹل ڈیٹا کے تجزیہ کے لئے نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔انویسٹی گیشن کو قانون کے مطابق معیاری بنانے کے لئے نیب ہیڈکوارٹرز میں اینٹی منی لانڈرنگ سیل اور تمام علاقائی دفاتر میں وٹنس ہینڈلنگ سیل قائم کئے گئے ہیں۔

نیب کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لینے کے لئے کمپیوٹر پر مبنی جدید مانیٹرنگ اینڈ ایوالیوایشن کا نظام وضع کیا گیا ہے جبکہ چئیرمن مانیٹرنگ اینڈ ایوالیوایشن ٹیم کے زریعے عملی طور پر مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جا تا ہے۔بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالے کے لئے چئیرمن نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب ہیڈکوارٹر اور تمام علاقائی دفاتر میں خصوصی شکایت سیل قائم کئے گئے ہیں کیونکہ بزنس کمیونٹی ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر وائٹ کالر کرائمز کے خلاف تحقیقات کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ظاہر شاہ اور نیب کے تمام علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹر جنرلز مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے انویسٹیگیشن آ فیسر کے کام کا محنت سے جائزہ لیتے ہیں۔ عدالتوں میں نیب مقدمات کی موثر پیروی کے لئے تجربہ کارلیگل کونسل،پراسیکیوٹز،ڈپٹی پراسیکیوٹرز،ایڈیشنل پراسیکیوٹرز جنرل اور قانونی ٹیم شامل کرتا ہے۔

نیب کے انویسٹیگیشن ڈویژن اور پراسیکیوشن ڈویڑن ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر اور پراسیکیوٹر جنرل اکائوٹیبیلیٹی سید اصغر حیدر کی زیر نگرانی اورنیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں بدعنوانی سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہے تاکہ بد عنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائی جا سکے۔