Live Updates

جلال آباد جیل پر داعش کا حملہ : سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان لڑائی 20 گھنٹوں سے جاری

اب تک 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے. ترجمان گورنرننگرہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 3 اگست 2020 21:23

جلال آباد جیل پر داعش کا حملہ : سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان ..
جلال آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست ۔2020ء) افغانستان کے شہر جلال آباد کی جیل پر داعش کے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان لڑائی 20 گھنٹوں بعد بھی جاری ہے‘ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگانی نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ حملے میں اب تک 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 50 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ہلاک و زخمی ہونے والے افراد میں قیدی اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں.

عطااللہ خوگانی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے8 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کے بعد آپریشن کلین اپ شروع کر دیا ہے لیکن اس بات کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ جیل کی عمارت میں مزید حملہ آور بھی موجود ہو سکتے ہیں.

(جاری ہے)

حملے کے دوران جیل سے فرار ہونے والے سینکڑوں قیدیوں میں سے اکثر کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے‘افغان صوبے ننگرہار کی کونسل کے رکن سہراب قادری نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ جلال آباد میں واقع افغان حکومت کی ایک جیل کے باہر پہلے دو کم شدت کے دھماکے ہوئے تھے جس کے بعد ایک کار میں شدید دھماکہ ہوا تھا.

سہراب قادری کے مطابق دھماکوں کے بعد حملہ آوروں کی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپیں ہوئیں حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے داعش کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ داعش کے جنگجوﺅں نے کیا ہے البتہ بیان میں حملے کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں داعش کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے.

ادھر طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس حملے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں ہے‘سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے شدت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اب بھی جاری ہے شدت پسند جیل کے اندر سے بھی فائرنگ کر رہے ہیں اور جیل کی قریبی عمارتوں سے بھی فائرنگ ہو رہی ہے. نشریاتی ادارے نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جس وقت حملہ ہوا، جیل میں تقریباً 1700 قیدی موجود تھے جن میں سے اکثر طالبان اور داعش کے جنگجو ہیں پولیس نے حملے کے بعد فرار ہونے والے 1025 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ 430 قیدی جیل میں ہی موجود رہے تھے.

البتہ یہ واضح نہیں ہے کہ حملے کے دوران کل کتنے قیدی زخمی یا ہلاک ہوئے اور ان میں سے اب تک کتنے مفرور ہیںیہ حملہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے عیدالاضحیٰ پر کی گئی تین روزہ جنگ بندی کا آخری دن تھا اس جنگ بندی کے دوران افغان حکومت نے طالبان کے مزید سینکڑوں قیدی رہا کیے ہیں. امریکہ اور طالبان کے درمیان رواں سال فروری میں طے پانے والے امن معاہدے کے تحت افغان حکومت طالبان کے پانچ ہزار قیدی رہا کرنے کی پابند ہے جب کہ اب تک 4917 طالبان قیدی رہا ہو چکے ہیں طالبان کے مطابق وہ معاہدے کے تحت افغان حکومت کے ایک ہزار قیدیوں کی رہائی کا وعدہ پورا کر چکے ہیں‘امن معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد بین الافغان مذاکرات شروع ہونا ہیں افغان صدر اشرف غنی اور طالبان عندیہ دے چکے ہیں کہ عید الاضحیٰ کے بعد بین الافغان مذاکرات کا باقاعدہ ا?غاز ہو سکتا ہے.

افغانستان میں صدارتی دفتر نے تصدیق کی ہے کہ طالبان کے بقیہ 400 قیدیوں کی رہائی سے متعلق فیصلے کے لیے 7 اگست لویا جرگہ طلب کر لیا گیا ہے‘صدارتی ترجمان صدیق صدیقی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ جرگہ ایجنڈے پر تین سے پانچ روز تک غور کرے گا جرگہ طلب کرنے کا فیصلہ صدر اشرف غنی نے جمعہ کو کیا تھاانہوں نے کہاکہ ملکی آئین اور جرائم سے متعلق قوانین کے رو سے افغان صدر کو طالبان کے ان 400 قیدیوں کو رہا کرنے کا اختیار نہیں ہے جس کی وجہ سے لویا جرگہ طلب کیا گیا ہے تاکہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جا سکے.

صدیق صدیقی کا کہنا تھا کہ ان 400 قیدیوں کے نام افغان حکومت کی بلیک لسٹ میں شامل ہیں اور متعدد ملکوں نے بھی ان کے نام اپنی بلیک لسٹ میں شامل کر رکھے ہیں‘دریں اثنا افغان حکومت کی جانب سے آج پیر کو مزید 138 طالبان قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ طالبان کے 4,600 قیدی رہا کرنے کے بعد طالبان کے ساتھ امن بات چیت کا آغاز ہو گا اور جنگ بندی جاری رہے گی.

ادھر طالبان کے سابق اہلکار سید اکبر نے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے لویا جرگہ طلب کرنے کے اقدام کو بے سود قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر قانونی پابندیوں کے باعث صدر غنی کو قیدیوں کو رہا کرنے کا اختیار نہیں تھا تو انہوں نے دیگر قیدیوں کو کیوں رہا کر دیا‘سید اکبر کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں تین روزہ عارضی جنگ بندی ختم ہو چکی ہے اور طالبان اس میں توسیع پر رضامند نہیں ہوں گے لیکن افغان پارلیمان کے ایک رکن گل رحمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی تاریخ میں جرگے کا کردار اہم رہا ہے اور انہیں امید ہے کہ جرگہ اس بار بھی قومی مفادات سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ دے گا.

اس بارے میں قانونی ماہر عبد السبحان مصبح کا کہنا ہے کہ طالبان کے قیدیوں کی رہائی کے بارے میں فیصلے کے لیے لویا جرگے کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں جرگہ قانونی معاملات پر کوئی فیصلہ نہیں دے سکتا تاہم قومی افہام و تفہیم کی ہائی کونسل نے امید ظاہر کی ہے کہ لویا جرگہ امن کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گا.
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات