امریکا میں کورونا کی نئی لہر‘دیہی علاقوں کے لیے وارننگ جاری

آسٹریلیاکے شہر ملبورن میں 6ہفتوں کے لیے رات کا کرفیونافذ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 3 اگست 2020 22:42

امریکا میں کورونا کی نئی لہر‘دیہی علاقوں کے لیے وارننگ جاری
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست ۔2020ء) وائٹ ہاﺅس کی کورونا وائرس سے متعلق مشیر ڈیبرا برکس نے تنبیہ کی ہے کہ امریکہ عالمی وبا کے”نئے دور“ میں داخل ہو گیا ہے جس میں دیہی علاقوں میں مقیم شہریوں کو بھی وائرس لگنے کا اتنا ہی خطرہ ہے جتنا کسی شہر میں رہنے والے کو درپیش ہے. انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس غیر معمولی تیزی سے پھیل رہا ہے دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ بھی خطرے میں ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وائرس کی صورتِ حال مارچ اور اپریل سے مختلف ہے‘ڈیبرا برکس نے تلقین کی کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں خیال رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 46 لاکھ 65 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ اموات ایک لاکھ 54 ہزار 834 ہو چکی ہیں. ادھرسنگاپور کے حکام نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیشِ نظر سنگاپور آنے والے کچھ افراد کو ایک الیکٹرونک ڈیوائس پہننا ہوگی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ قرنطینہ کے احکامات کی پابندی کر رہے ہیں‘یہ الیکٹرونک ڈیوائسز سنگاپور آنے والوں کو 11 اگست سے دی جائیں گی.

یہ ڈیوائسز سنگاپور کے شہریوں اور مستقل رہائش رکھنے والے ان افراد کو بھی پہنائی جائیں گی جو 11 اگست کو سنگاپور پہنچیں گے‘ یہ ڈیوائسز صرف ان افراد کو پہنائی جائیں گی جو کچھ مخصوص ملکوں سے سنگاپور پہنچیں گے اور ان افراد کو اپنے گھر پر قرنطینہ میں رہنے کی پابندی پر عمل کرنا ہو گا گھر سے نکلنے کی کوشش پر یہ ڈیوائس حکام کو آگاہ کر دے گی.

دوسری جانب آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر ملبورن میں کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے اتوار سے رات کا کرفیو عائد کر دیا ہے جو آئندہ 6 ہفتوں تک نافذ العمل رہے گا ملبورن میں رات8 بجے سے صبح 5 بجے تک گھروں سے نکلنے پر پابندی ہو گی. ملبورن میں تمام غیر ضروری کاروباروں کو بھی دوبارہ بند کرنے کا فیصلہ ہوا ہے ملبورن کے زیادہ تر اسٹوروں کی بندش کے علاوہ تعمیرات اور گوشت کے پیداواری کارخانوں کو جمعے سے کاروبار محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے محکمہ صحت کے حکام نے ریاست وکٹوریہ میں کووڈ 19 کے 429 نئے کیسز اور 13 اموات کی اطلاع دی ہے.

ان کیسز میں ملبورن میں رپورٹ ہونے والے کیسز بھی شامل ہیں ریاست وکٹوریہ نے کورونا وائرس کی وبا کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے‘ادھرفلپائن میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت نے لاک ڈاﺅن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے منگل سے تقریباً دو کروڑ 70 لاکھ افراد اپنے گھروں تک محدود رہنے پر مجبور ہوں گے. فلپائن میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ دو ہزار سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں وائرس کے پھیلاﺅمیں جون سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے.

فلپائن میں نئی پابندیوں کا اعلان صدر روڈریگو ڈوٹیرتے نے اتوار کو کیا جس کے مطابق دارالحکومت منیلا اور اس کے اطراف کے چار صوبوں میں منگل سے لاک ڈاﺅن کیا جائے گا یہ لاک ڈاﺅن دو ہفتوں کے لیے نافذ العمل ہوگا جس کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ اور منی بسیں بند اور ڈومیسٹک فلائٹس گراﺅنڈ رہیں گی لوگوں کو اپنے گھروں پر رہنا ہوگا اور اشد ضرورت یا اشیائے خور و نوش کی خریداری کے لیے ہی انہیں گھروں سے نکلنے کی اجازت ہو گی.