رواں سال مون سون بارشوں کا سب سے طاقتور سسٹم شروع ہونے کو ہے

چاروں صوبوں میں شدید بارشیں ہوں گی، کئی شہروں میں صورتحال خراب ہو سکتی ہے، الرٹ جاری کر دیا گیا

پیر 3 اگست 2020 22:43

رواں سال مون سون بارشوں کا سب سے طاقتور سسٹم شروع ہونے کو ہے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست2020ء) رواں سال مون سون بارشوں کا سب سے طاقتور سسٹم شروع ہونے کو ہے، چاروں صوبوں میں شدید بارشیں ہوں گی، کئی شہروں میں صورتحال خراب ہو سکتی ہے، الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے مون سون کی بارشوں کے چوتھے اسپیل کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی،جلیجی بنگال میں ہوا کے کم دبا ئوکے باعث مون سون کا سسٹم بن رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم 6 اگست بروز جمعرات سے سندھ ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں داخل ہوگا۔ جمعرات کی شام سے ہفتے تک سندھ اور مشرقی بلوچستان میں مون سون کی ہوائیں شدت سے داخل ہوں گی۔ 6 اگست کی شام سے تیز ہواں کے جھکڑ چلنے کا امکان ہے ۔ 6 اگست بروز جمعرات سے 8 اگست بروز ہفتہ کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کی شام سے ہفتے کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈواللہ یار، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، جامشور، دادو اور شہید بے نظیرآباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ ہدایت کی گئی ہے کہ جمعے اور ہفتے کو موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے لہذا مون سون کے نئے سلسلے کے حوالے سے تمام ادارے الرٹ رہیں۔

محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے علاوہ پنجاب اور اسلام آباد میں بھی بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ جبکہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آنے والے دنوں میں ان علاقوں میں مزید بارشیں ہوں گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مون سون کا چوتھا اسپیل پہلے 3 اسپیل کے مقابلے میں زیادہ شدت والا ہوگا۔ اب تک مون سون کے تحت سندھ میں زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔