برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ ریکارڈ

گزشتہ روز سامنے آنے والے کورونا کیسز کی تعداد جون کے مہینے سے اب تک کی دوسری بڑی یومیہ تعداد ہے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر منگل 4 اگست 2020 05:42

برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ ریکارڈ
لندن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست 2020ء) برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ ریکارڈ۔ گزشتہ روز سامنے آنے والے کورونا کیسز کی تعداد جون کے مہینے سے اب تک کی دوسری بڑی یومیہ تعداد ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز برطانیہ میں کورونا وائرس کے 938 کیسز رپورٹ کیے گئے جو کہ جون کے مہینے سے اب تک رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی دوسری بڑی تعداد ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سے قبل جون کے مہینے سے اب تک کی سب سے بڑی یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ ماہ کے آخر میں ریکارڈ کی گئی، 29 جولائی کو برطانیہ میں 995 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ 
اس سے قبل پیر کو برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 744 نئے کیسز سامنے آئے تھے جس سے ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 4 ہزار سے سے زائد ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

برطانیہ کی وزارت صحت کے مطابق اتوار کے روز کورونا سے مزید 8 افراد لقمہ اجل بنے تھے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 46 سے زائد ہو گئی تھی۔ دریں اثناء بعض حلقوں نے برطانوی حکومت کی کورونا بحران کے بارے میں پالیسی اور رازداری پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کورونا کے بارے میں برطانوی حکومت کی بعض پالیساں نقصان دہ تھیں۔ نوبل انعام یافتہ اور لندن میں فرانسس کرک انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سر پال نرس کا کہنا ہے کہ کورونا کے وبائی مرض کے دوران اہم فیصلے سائنسدانوں، سرکاری ملازمین اور سیاست دانوں نے’’بلیک باکس‘‘کی حیثیت سے کیے، انہوں نے ان فیصلوں میں مزید شفافیت لانے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ان فیصلوں میں وسعت کی کمی نے ناقص فیصلوں کو ہوا دی اور عوام کے اعتماد کو خطرہ سے دو چار کیا۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ ملک میں اب تک اس وبائی مرض سے 46 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔