امارات میں گاڑی میں 3 سے زائد افراد بٹھانے پر سینکڑوں افراد کو 3ہزار درہم کا جرمانہ ہو چکا ہے

ٰشاپنگ مالز، پبلک پارکس اور ساحلی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر بھی 3 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 اگست 2020 14:33

امارات میں گاڑی میں 3 سے زائد افراد بٹھانے پر سینکڑوں افراد کو 3ہزار ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات میں گھروں سے باہر نکلتے وقت جو افراد ماسک نہیں پہن رہے یا سماجی فاصلہ اختیار نہیں کر رہے، ان پر 3 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔اماراتی حکام کے مطابق شاپنگ سنٹرز،پبلک پارکس، ساحلی و تفریحی مقامات، دُکانوں اور دیگر چار دیواری والے عوامی مقامات پر ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنا لازمی ہے۔

اس کے علاوہ عوامی ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے وقت بھی یہ پابندی لازمی ہے۔ رش والے مقامات پر بھی ماسک پہننا لازمی ہو گا۔حکام نے واضح کیا ہے کہ سگریٹ نوشی کے لیے بھی عوامی اور رش والے مقامات پر ماسک ہٹانے کی اجازت نہیں ہے، یہاں تک کہ اگر کسی اس طرح ماسک پہن رکھا ہو کہ اس کا ناک یا منہ اس میں سے باہر ہو تب بھی اس پر تین ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پرائیویٹ گاڑی میں تین سے زائد افراد کے سفر کرنے پر پابندی عائد ہے، اس خلاف ورزی کی صورت میں 3 ہزار درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔ تاہم اگر سفر کرنے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہوں تو تین سے زیادہ افراد بھی سوار ہو سکتے ہیں۔ نجی گاڑی کے سفر کے دوران دو یا دو سے زائد مسافر ہونے کی صورت میں سب کے لیے ماسک اور گلوز پہننے لازمی ہیں ، البتہ ایک ہی خاندان کے افراد ہونے کی صورت میں ماسک کے بغیر بھی سفر کر سکتے ہیں۔

گاڑیوں میں سفرکے دوران خود کو سینیٹائز کرنا بھی لازمی ہے اور فاصلے پر بیٹھنا ہو گا۔ کسی کار میں بیک وقت صرف تین افراد سوار ہو سکتے ہیں جن میں ڈرائیور بھی شامل ہو گا۔ NCEMA کے مطابق اگر گاڑی میں سفر کرنے والے مسافر دوست ہوں یا کولیگ ہوں، ان پر بھی تین سے زائد افراد پر عائد پابندی کا اطلاق ہو گا۔ ساحلی مقامات پر ایک ہی خاندان کے پانچ سے زیادہ افراداکٹھے نہیں ہو سکتے۔ مسافروں کو سفر کے دوران ماسک اور گلوز ہٹانے کی اجازت نہیں ہے۔