صدر ٹرمپ حکومتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ڈاک کے ذریعے فراڈ ووٹنگ سے متعلق سفید جھوٹ بول رہے ہیں، جوبائیڈن

منگل 4 اگست 2020 16:54

صدر ٹرمپ حکومتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ڈاک کے ذریعے فراڈ ووٹنگ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) امریکہ کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس سے نمٹنے، وبا کے باعث کساد بازاری میں اضافے اور نسل پرستی اور تشدد کی روک تھام سے متعلق حکومتی نااہلی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں جس کے لئے ٹرمپ ڈاک کے ذریعے فراڈ ووٹنگ اور غلط نتائج سے متعلق سفید جھوٹبول رہے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈاک کے ذریعے صدارتی انتخابات سے متعلق کہا تھا کہ ڈاک کے ذریعے زیادہ ووٹنگ سے فراڈ اور غلط نتائج سامنے آنے کا خدشہ ہے اس لیے تجویز ہے کہ انتخابات اس وقت تک ملتوی کیے جائیں جب تک لوگ مناسب اور محفوظ طریقے سے ووٹ کاسٹ نہ کر سکیں۔ امریکی صدر کی اس تجویز کو کانگریس کے ڈیموکریٹ ارو ریپبلیکن اراکین نے فوری طور پر مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے چندہ جمع کرنے کی ورچوئل مہم کے دوران کہا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے دور اقتدار میں انتخابی نتائج کو تسلیم نہ کرنے کے لیے وہ سب کچھ کریں گے جو ان کے لیے اچھا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز صرف اور صرف جھوٹ پر مبنی ہے اور ڈاک کے ذریعے کیسے فراڈ ووٹنگ ہو سکتی ہے اور یہ کیسے خوفناک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کورونا وبا کا غلط استعمال کرہے ہیں اور ڈاک کے ذریعے فراڈ ووٹنگ کا بہانہ بنا رہے ہیں جو کورونا وبا سے نمٹنے سے متعلق حکومتی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔