سراج قاسم تیلی کا کراچی کو آئندہ 5 سال فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

شہر کے انفرااسٹرکچر اور مسائل کا حل فوج کی نگرانی میں ہی ممکن ہے، این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی صفائی مہم کے صرف پہلے 2 دنوں میں ہی نتائج نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ چیئرمین بی ایم جی سراج قاسم تیلی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 4 اگست 2020 17:05

سراج قاسم تیلی کا کراچی کو آئندہ 5 سال فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست 2020ء) کراچی کے معروف صنعتکار سراج قاسم تیلی نے کراچی کو آئندہ 5 سال فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے انفرااسٹرکچر اور مسائل کا حل فوج کی نگرانی میں ہی ممکن ہے، عوام کی بہتری کیلئے ضروری ہے کہ شہر کا کنٹرول فوج کو سونپ دیا جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین بی ایم جی سراج قاسم تیلی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کی بہتری اور صفائی ستھراتی کیلئے اچھا اقدام اٹھانا خوش آئند ہے۔

کراچی کو صاف ستھرا کرنے کے حکومتی عزم کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کراچی کی صفائی کیلئے این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او سخت محنت کر رہے ہیں۔ دونوں کی سخت محنت کی وجہ سے صفائی مہم کے صرف پہلے 2 دنوں میں ہی نتائج نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایف ڈبلیو او نالوں کی صفائی کا کام 24 گھنٹوں کی بنیاد پر کر رہا ہے، شہر بھر میں 552 چھوٹے بڑے برساتی نالے ہیں، 38 بڑے نالوں میں سے 22 کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 19 نالوں کی صفائی کی ذمہ داری سندھ حکومت نے لی ہے جبکہ گجر نالہ، کورنگی نالہ اور مواچھ گوٹھ نالہ پر ایف ڈبلیو او کام کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق تین بڑے نالوں پر کل 21 مقامات پر چوک پوائنٹس ہیں۔ نالوں کی صفائی پر ایف ڈبلیو او کی 14 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ ان ٹیموں نے گزشتہ روز 4 ہزار 364 ٹن کچرا نالوں سے نکالا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایف ڈبلیو او نالوں کی صفائی کا کام 24 گھنٹوں کی بنیاد پر کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :