جامعہ علوم اثریہ جہلم کے زیر اہتمام قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا،،جامعہ علوم اثریہ جہلم ایک رفاعی ادارے کے طور پر بھی خدمت سر انجام دے رہا ہے،حافظ احمد حقیق

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 4 اگست 2020 17:31

جامعہ علوم اثریہ جہلم کے زیر اہتمام قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا،،جامعہ ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ھےئةالاغاثہ الاسلامیة العالمیة (IIRO)سعودی عرب مکتب اسلام آباد نے جامعہ علوم اثریہ جہلم کے تعاون سے حسب سابق سینکڑوں غریب، یتیم ، بیواوٴں اورمستحق لوگوں میں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔جامعہ علوم اثریہ جہلم کے رئیس حافظ عبد الحمیدعامراور جامعہ کے مدیر حافظ احمد حقیق نے گذشتہ روز مستحقین میں گوشت کی تقسیم کے موقع پر(IIRO)سعودی عرب مکتب اسلام آباد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا میں انسانیت کی اصل خدمت صرف اسلامی ادارے ہی کر رہے ہیں،

کیونکہ وہ انسانیت کی خدمت کو کاروبار کی بجائے عبادت سمجھتے ہیں اور اس عزم کا ارادہ کیا کہ ان کا ادارہ جامعہ علوم اثریہ جہلم حسب روایت قومی و بین الاقوامی اداروں کی معاونت سے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گاکیونکہ اسلام نے ہمیں عبادت اور اخلاقیات کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کا بھی درس دیا ہے اور حکم صادر فرمایا ہے کہ ہم بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب بنی نوع انسان میں خوشیاں بانٹیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ جامعہ علوم اثریہ جہلم دینی تربیت گاہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک رفاعی ادارے کے طور پر بھی جہلم شہر اور اس کے گرد و نواح و مضافاتی علاقوں میں گذشتہ تین دہائیوں سے خدمت سر انجام دے رہا ہے۔

اسی موقع پر جامعہ کے مدیر حافظ احمد حقیق نے واضح کیا کہ ان کا ادارہ تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ رفاہ عامہ کے کاموں میں بھی دن رات مصروف عمل ہے اور سینکڑوں یتیموں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ہسپتال اور ڈسپنسری چلا رہا ہے اور گاہے بگاہے فری میڈیکل و آئی کیمپوں کا انعقاد کرتا ہے۔

حافظ احمد حقیق نے مزید بتایا کہ(IIRO) سعودی عرب مکتب اسلام آباد - ایک رفاہی تنظیم ہے جو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے ضرورت مندوں اور محتاجوں کی مدد کیلئے رفاہی کام کرتی ہے اور گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں اپنے مختلف رفاہی منصوبوں کو جامعہ علوم أثریہ کی وساطت سے عملی جامہ پہنارہی ہے۔ اس موقع پرقربانی کا گوشت حاصل کرنے والوں نے جامعہ أثریہ اور (IIRO) سعودی عرب مکتب اسلام آباد کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور خصوصاًڈائریکٹر جنرل (IIRO) (رابطہ عالم اسلامی)۔

پاکستان آفس ۔ اسلام آباد سعادة الشیخ سعد مسعود الحارثی حفظہ اللہ کا بھی شکریہ ادا کیا اس موقع پر مندوب رابطہ عالم اسلامی محترم جناب جاوید بٹ صاحب بھی موجود تھے۔ تمام حاضرین نے تقسیم کے عمل کو نہایت سراہا اور شفاف قرار دیا۔ حافظ عبدالحمید عامر نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس مغربی پروپیگنڈے کی سخت تردید کی جس کے ذریعے وہ دینی مدارس کا تعلق دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ہزاروں بے آسرا لوگوں کو جہاں تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں وہیں پر وہ خدمت انسانی کیلئے ایسے افرادکار مہیا کر رہے ہیں جن کا اوڑھنا بچھونا ہی خدمت خلق ہے۔