تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ،انکے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘ سردار عثما ن بزدار

حکومت نے کاروباری شعبہ کے مفاد میں تین روز قبل ہی لاک ڈائون ختم کردی‘ وزیر اعلیٰ کی لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے گفتگو

منگل 4 اگست 2020 21:46

تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ،انکے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزار نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ کی سربراہی میں مختلف چیمبرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروبار دوست اور صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری، لیبر، سوشل سکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ تاجروں سے بھرپور تعاون کریں۔ نہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری شعبہ کے مفاد میں تین روز قبل ہی لاک ڈائون ختم کردیا، تمام فیصلے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے، میٹرو ٹرین چلائی جائے گی جس کا ٹیسٹ رن پہلے ہی ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کو موٹروے سے منسلک کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی، گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کی جائے گی،فیصل آباد کی ترقی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک اڈہ کی شہر سے باہر منتقلی کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ وہ جلد ہی لاہور اور دیگر چیمبرز کا دورہ کریں گے، مزید کاروباروں کو ایس او پیز کے تحت جلد ہی کھول دیا جائے گا۔

لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کی حیثیت سے پنجاب کو ملک کے معاشی استحکام کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرنا ہوگا،پنجاب مینوفیکچرنگ،سروسز اور زراعت کا مرکز ہے ، قومی معیشت ، جی ڈی پی ، زراعت اور خدمات کے شعبوں میں اس کا حصہ نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل، مشینری، کھیلوں کے سامان، بجلی کا سامان، آلات جراحی، گاڑیاں، آٹو پارٹس، دھاتیں، شوگر ملوں، سیمنٹ، زراعت کی مشینری اور پروسییسڈ فوڈ وغیرہ کے اڑسٹھ ہزار سے زائد یونٹس ہیں جو روزگار اور محاصل کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کا اہم ستون ہے، اسے پرسکون کاروباری ماحول مہیا کرکے ملک کو تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صنعتوں کو جدید اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی ، کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی، ون ونڈو آپریشن اور ڈیوٹیز اور ٹیکسز میں کمی جیسی سہولیات دی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے صنعتی کلسٹرز قائم کرنے سے سرمایہ کاری میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی روزگار کے بے شمار مواقع بھی میسر آئیں گے۔

وفد کے اراکین میں راولپنڈی چیمبر کے صدر صبور ملک، گوجرانوالہ چیمبر کے صدر میاں عمر سلیم، فیصل آباد چیمبر کے سابق صدر ضیاء علمدار، چیئرمین چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان رانا طارق، ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے صدر عامرقریشی، شیخوپورہ چیمبر کے سابق صدر ملک منظور، حاجی طاہر نوید، حاجی محمد خالد، میاں محمد طارق فیروز، شیخ محمد ادریس شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز میاں اسلم اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔