قربانی کے جانور کی چربی پگھلاتے ہوئے محنت کش کڑھائی میں گر کر جل گیا

عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز کام کے دوران محنت کش کڑھائی میں گر کر جھلس کر شدید زخمی ہوگیا، دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 4 اگست 2020 18:55

قربانی کے جانور کی چربی پگھلاتے ہوئے محنت کش کڑھائی میں گر کر جل گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اگست2020ء) قربانی کے جانور کی چربی پگھلاتے ہوئے محنت کش کڑھائی میں گر کر جل گیا، عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز کام کے دوران محنت کش کڑھائی میں گر کر جھلس کر شدید زخمی ہوگیا، دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےنیو کراچی صنعتی ایریا میں چربی پگھلانے کے دوران پیش آیا ایک دل سوز واقعہ۔

سیکٹر 6 بی میں چربی پگھلانے کے کارخانے میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز کام کے دوران محنت کش کڑھائی میں گر کر جھلس کر شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ ایس ایچ او یونس خٹک کے مطابق متوفی کی شناخت اعجاز ولد فتح شیر کے نام سے ہوئی ہے جس کا آبائی تعلق ملتان سے ہے جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ کارخانے کے مالک کے خلاف درج کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں سے نکلنے والی چربی کی بڑے پیمانے پر ہر سال خرید و فروخت ہوتی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں چربی پگھلانے کے کارخانے میں تین دن کے لیے مزدوروں کو اجرت پر رکھا جاتا ہے مزدور کارخانوں میں لگی ہوئی بڑی بڑی کڑھائیوں میں چربی پگھلا کر تیل بنا کر کنستر میں اسے محفوظ کرتے ہیں، جو نہ صرف صابن بنانے میں بلکہ مضافاتی علاقوں میں قائم ہوٹلز میں کھانا پکانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی خرید وفروخت کے لیے لگی عارضی منڈیوں میں اس وقت کھالیں فروخت کرنے والے انتہائی پریشان رہے اورانکا کہنا ہے کہ کھالوں کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر رہیں،ٹینری سیکٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کوروناکی وجہ سے 7سے 10 فیصد قربانی کم کی گئی۔ کھالیں فروخت کرنے والوں کے مطابق ہر سال جانوروں کی قیمتیں زیادہ اور کھالوں کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے اور قربانی کے جانوروں کی کھالوں کے پچھلے سال سے ریٹ کم ہیں۔عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی کھالوں کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہونے کے حوالے سے کھالوں کے تاجروں کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیے بغیر کھالوں کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کو روکنا ممکن نہیں ہے۔