چنیوٹ، امن و امان کے قیام کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، ڈویژنل کمشنر

منگل 4 اگست 2020 22:34

چنیوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا،اسلامی تاریخ میں امن و امان کے لحاظ سے باہمی بھائی چارہ،اخوت اور رواداری مسلمانوں کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈی پی او آفس چنیوٹ میں محرم الحرام کے حوالہ سے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اوردیگر انتظامات بارے منعقدہ اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ محمد ریاض، ڈی پی او سید حسنین حیدر، ممبران ضلعی امن کمیٹی اور انجمن تاجران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر عشرت علی نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ دین اسلام ہمیں بھائی چارے کا درس دیتا ہے محرم الحرام کے دوران تمام مسالک کے علماء و ذاکرین ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری کریں حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس سے بچنے کے لئے سینی ٹائزر، فیس ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کی مکمل پابندی کرائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آر پی او راجہ رفعت مختار نے کہا کہ شہری اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک فرد یا چیز کے متعلق فوری طور پر پولیس اور انتظامیہ کو مطلع کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ریاض اور ڈی پی او سید حسنین حیدر نے کہا کہ امن وامان کی فضا کو قائم اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ و پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے۔ اجلاس کے دوران امن کمیٹی کے ارکان۔انجمن تاجران نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کے ہمراہ چنیوٹ شہر کے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔