پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی63ارب روپے ڈوب گئے

منگل 4 اگست 2020 22:55

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی63ارب روپے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتہ کے دوسرے دن ہی مندی کی لپیٹ میں آ گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 293پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 39800،39700اور 39600پوائنٹس کی3بالائی حد سے نیچے گر گیااور39500پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی63ارب روپے ڈوب گئے جبکہ67فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبا ر کا آغاز مثبت ہوا اور سرمایہ کاروں نے سیمنٹ ،فوڈز ،اسٹیل ،بینکنگ اور پیٹرولیم سیکٹر ز میں خریداری کی جس کی وجہ سے انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 40300پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی عبور کر گیا مگر منافع خوری کی خاطر بعض اسٹاکٹس میں فروخت کے دبا کے سبب مارکیٹ تنزلی کا شکار دیکھی گئی اور انڈیکس کی الٹی گنتی شرو ع ہو گئی جس کے بعد مارکیٹ پر مندی کا رجحان غالب آگیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں293.99پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 39871.61پوائنٹس سے گھٹ کر 39577.62پوائنٹس پر آگیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس162.93پوائنٹس کی کمی سے 17320.46پوائنٹس سے کم ہو کر 17157.53پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27896.15پوائنٹس سے کم ہو کر 27655.81پوائنٹس ہو گیا ۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 63ارب67کروڑ8لاکھ 41ہزاور947روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم73کھرب90ارب 21کروڑ89لاکھ 97ہزار604روپے سے کم ہو کر 73کھرب26ارب 54کروڑ81لاکھ 55ہزار657روپے ہو گیا ۔

منگل کو مارکیٹ میں 26ارب روپے مالیت کے 59کروڑ39لاکھ 81ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 25ارب روپے مالیت کے 53کروڑ93لاکھ 15ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر422کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے 120کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،282میں کمی اور20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 4کروڑ56لاکھ ،پاور سیمنٹ 4کروڑ27لاکھ ،پاک الیکٹرون 4کروڑ17لاکھ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ 3کروڑ2لاکھ اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ 2کروڑ93لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔

قیمتوں میں اتار چڑھا کے اعتبار سے سیفائر بائبر کے حصص کی قیمت میں54.00روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت 786.00روپے ہو گئی اسی طرح 46.01روپے کے اضافے سے سیفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 890.00روپے پر جا پہنچی جبکہ اسلینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت81.03روپے کی کمی سی1012.00روپے اور نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت40.00روپے کی کمی سی6450.00روپے پر آ گئی ۔

متعلقہ عنوان :