ہندوستانی مظالم کیخلاف جے یو آئی کا سندھ بھر میں یوم سیاہ اور مظاہروں کا اعلان

منگل 4 اگست 2020 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہیکہ جے یوآئی کل بروز بدھ 5 اگست کو جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے حکم پر سندھ کے 29 اضلاع کے ہیڈکوارٹرز اور ضلعی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے منعقد کرکے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے انسانیت سوز مظالم اور اقوام متحدہ کے علی الرغم قانون سازی کو ایک سال مکمل ہونے اور پاکستانی حکمرانوں کی کشمیر پر سودا بازی کیخلاف یوم سیاہ منائے گی۔

انہوں نے جے یو آئی کے سندھ کے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ تمام اضلاع کی جماعتیں اور کارکنان کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں ، یکجہتی کشمیر ریلیوں میں عوام و کارکنان بھرپور شرکت کریں ۔

(جاری ہے)

مولانا راشد سومرو نے کہا کہ حکمران کشمیر فروشی کے سنگین جرم کے مرتکب ہوئے ہیں ، حکمران 2 منٹ کی خاموشی اور نمائشی احتجاج کے ذریعے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کردیں ۔

دریں اثنا جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی کے مطابق جے یوآئی کراچی میں پریس کلب ، ملیر پریس کلب ، سخی حسن چونگی اور عمر مسجد سہراب گوٹھ پر یکجہتی کشمیر مظاہروں کا انعقاد کرے گی۔ ضلع وسطی کے تحت سخی حسن چونگی کراچی پر دن 3بجے مظاہرے سے ضلعی امیر مولانا عبدالرشید نعمانی ،جنرل سیکرٹری مولانا زرین شاہ ودیگر خطاب کریں گے۔

جبکہ کراچی پریس کلب پر 5 بجے ضلع غربی کے تحت احتجاجی مظاہرے سے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد اسلم غوری ، مولانا عمرصادق، سید زاہد شاہ ہاشمی، فخرالدین رازی و دیگر خطاب کریں گے ۔جبکہ جے یو آئی ضلع شرقی کے تحت عمر مسجد سہراب پر یکجہتی کشمیر ریلی اور مظاہرہ شام 5 بجے منعقد ہوگا ، مظاہرے سے جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد، مولانا فتح اللہ، فاروق سید ودیگر خطاب کریں گے ۔جمعیت علما اسلام ضلع ملیر کے تحت ملیر پریس کلب پیپری میں احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر مولانا احسان اللہ ٹکروی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی، مولانا اجمل شاہ شیرازی، طارق شامزئی ودیگر رہنما خطاب کریں گے۔