نریندرمودی کے جنگی جرائم کو مزید مہلت دینا کروڑوں لوگوں کو آگ میں جھونکنے کے مترادف،4لاکھ ہندوؤں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کردیا گیا جو ظلم ہے

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کا تقریب سے خطاب

منگل 4 اگست 2020 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نریندرمودی کے جنگی جرائم کو مزید مہلت دینا کروڑوں لوگوں کو آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے،بھارت نے شملہ معاہد ہ ختم کر دیا پاکستان کسی معاہدے کا پابند نہیں ہے،بھارت نے جنگ مسلط کر دی پوری قوم تیار ی کرے،اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں دلوانا،کشمیری جہاد سے ہی آزادی حاصل کریں گے،4لاکھ ہندوؤں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کردیا گیا جو ظلم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی کشمیر مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری،ابو الخیر زبیر،اعجاز الحق،لیاقت بلوچ،امیر العظیم،سینیٹر ساجد میر،میاں اسلم،مولانا امجد،ڈاکٹر خالد محمود خان،عبدالرشید ترابی،شفیق جرال،سعید یوسف،مطلوب انقلابی،مشتاق ایڈووکیٹ،حامد سمیع الحق،عبداللہ گل،پیر اعجازہاشمی،مولانا زبیر،حسن ابراہیم،غلام محمد صفی،فاروق رحمانی،شیخ متین،یوسف نسیم،زاہد صفی،محمود ساغر،عبدالمجید ملک،مولانا امتیاز صدیقی،ڈاکٹر طارق سلیم،شمس الرحمان سواتی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیریوں اپنی جانوں کے نذرانے پاکستان کی تکمیل، بقاء اور سلامتی کے لیے پیش کررہے ہیں،سیاسی محاذ،میڈیا کی سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر کی آزادی کے لیے واضح دوٹوک لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے،پاکستانی عوام اور کشمیریوں کا صبر کا پیمانہ لبریز کرچکا ہے آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانا ہے تو کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں۔

سراج لحق نے کہاکہ ہم کشمیری ماؤں بہنوں کی عظمت کوسلام پیش کرتے ہیں ان کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں آزادی کی تحریک کامیاب ہو گی آزادی کا مجھے اسی طرح یقین ہے جس طرح صبح کے سورج کے طلوع ہونے کا۔کشمیر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ابو الخیر زبیرنے کہاکہ جماعت اسلامی کا شکر گزار ہوں انہوں نے اس نازک موقع پر کشمیرکانفرنس کا انعقاد کیا۔

جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا امجد نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری نے کہاکہ کشمیر کی آزادی ہماری اولین ترجیح ہے میرا خاندان کشمیر کے جہاد میں شریک رہا ہے کشمیرکی آزادی کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے جو بندوقیں استعمال کیں آج بھی ہمارے گھروں میں موجود ہیں،مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ کشمیر جہاد سے آزاد ہو گا،جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ نہ صرف تمام تعلقات منقطع کرے بلکہ عالمی برادر ی سے اپیل کرے کہ وہ بھارت کا سیاسی،معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کرے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، عالمی برادری بھارت کے خلاف فوجی مداخلت کرے۔

کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔