بیروت دھماکوں کے نتیجے میں لبنان کے معروف سیاستدان جاں بحق

الکتائب پارٹی کے سیکرٹری جنرل ناضر دھماکوں کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے، ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 5 اگست 2020 00:52

بیروت دھماکوں کے نتیجے میں لبنان کے معروف سیاستدان جاں بحق
بیروت (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست 2020ء) بیروت دھماکوں کے نتیجے میں لبنان کے معروف سیاستدان جاں بحق، الکتائب پارٹی کے سیکرٹری جنرل ناضر دھماکوں کے نتیجے میں شدید زخمی ہوئے، ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ لبنان کے مقامی میڈیا کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بیروت دھماکوں کے نتیجے میں لبنان کی الکتائب پارٹی کے سیکرٹری جنرل جاں بحق ہوگئے ہیں۔



بتایا گیا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں الکتائب پارٹی کے رہنما جنرل ناضر شدید زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں فوری ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم ان کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب بیروت کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں 70 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی، جبکہ لبنانی وزارت صحت کے حکام کے مطابق 2500 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت بیروت کے تمام ہسپتال مکمل طور پر بھر چکے ہیں۔ بیروت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جا چکی۔ لوگوں سے خون کے عطیات کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ لبنانی حکام کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ شہر میں بے پناہ تباہی مچی ہے۔ بیروت کی بندرگاہ اور آس پاس علاقے میں واقع عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکیں۔ دھماکوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے، لاشوں کی گنتی کرنا ممکن ہی نہیں۔

2 کلومیٹر تک کے علاقے میں انسانی اعضاء بکھرے پڑے ہیں۔ لبنان کے حکام کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ جب دھماکہ ہوا تو اس وقت سڑکوں پر چلتی گاڑیاں الٹ گئیں، کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور عمارتیں منہدم ہوئیں۔ عمارتوں کے ملبے تلے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی زندگیاں بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اس واقعے کے حوالے سے لبنان کے سیکورٹی چیف نے جاری بیان میں بتایا ہے بیروت کی بندرگاہ پر واقع اسلحے کے گودام میں دھماکے ہوئے۔ گودام میں کئی سال سے اسلحہ پڑا ہوا تھا، جو منگل کے روز دھماکوں کی وجہ بنا۔ دھماکوں کے نتیجے میں پورے شہر میں افراتفری کا عالم ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ جبکہ حکومتی افراد متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔