متحدہ عرب امارات کے معروف بینک کا 25 فیصد برانچز بند کرنے کا اعلان

دی نیشنل بینک آف راس الخیمہ کی جانب سے دُبئی، شارجہ اور ابوظبی میں قائم متعدد برانچز یکم ستمبر سے بند کر دی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 5 اگست 2020 11:57

متحدہ عرب امارات کے معروف بینک کا 25 فیصد برانچز بند کرنے کا اعلان
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2020ء) کورونا کی وبا سے ہونے والی عالمی معیشت کی تباہی سب کے سامنے ہے، جس کے باعث بہت سے معروف بینک بھی خسارے کا شکار ہو رہے ہیں۔اماراتی بینک بھی ان حالات میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دُبئی کے ایمریٹس NBDاور ابوظبی کمرشل بینک کی جانب سے سینکڑوں ملازمین کو نکالنے کے بعد اب ایک اور اماراتی بینک نے اپنی 25 فیصد برانچز بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد ملازمین بھی نوکریوں سے فارغ ہو جائیں گے۔

دی نیشنل بینک آف راس الخیمہ (RAK Bank)کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 3 ستمبر سے مملکت کی 25 فیصد برانچز بند کر دی جائیں گی۔ جن میں سے 6 برانچز دُبئی کے علاقوں الراس، مڈ رِف، میرینا ڈائمنڈ، القوز انڈسٹریل، دُبئی انویسٹمنٹ پارک اور جبلِ علی فری زون میں بند کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شارجہ کی انڈسٹریل ایریا ، ابوظبی کی الجزیرہ برانچ اور خورفقان کی ایک، ایک برانچ بند کی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق مملکت کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 9 برانچز بند کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ ڈیجیٹل بینکنگ کا بڑھتا ہوا رحجان ہے۔ راس الخیمہ بینک کی مملکت میں کُل 36 برانچز ہیں، جن میں سے 9 برانچز بند کرنے کے بعد صرف 27 برانچز رہ جائیں گی۔واضح رہے کہ ADCB نے بھی چار سو ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کنزیومر بزنس کے ملازمین اور انتظامیہ کے سینئر عہدے دار بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 20 برانچز بند کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ بینک کو NMC Health کے معاملے میں بھی 3.6 ارب درہم کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین کو کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے خراب حالات کی وجہ سے نہیں، بلکہ ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے نکالا جا رہا ہے۔ ہر سال اضافی ملازمین کی نوکریاں ختم کرنا معمول کی بات ہے۔

ایک اندازے کے مطابق اماراتی بینک رواں سال اپنے 10 سے 15 فیصد ملازمین کو نوکریوں سے نکال سکتے ہیں۔اس سے قبل معروف بینک ایمریٹس NBD نے اپنے800 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایمریٹس NBD دْبئی کا سب سے بڑابینک ہے۔ بینک کے ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں بینک کی ضروریات اور اخراجات کو مدنظررکھتے ہوئے اس کے سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وبا نے اماراتی فنانشل سیکٹر اور بینکنگ شعبے کو بھی معاشی بحران سے دوچار کیا ہے۔ایمریٹس NBD بھی حالیہ بحران سے متاثرہوا ہے جس کے بعد اس کے مختلف آپریشنز اور سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔