تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے وزیر تعلیم کا اہم اعلان

15 ستمبر سے قبل سکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں،کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز 15ستمبرسے کھلیں گے۔ صوبائی وزیر مراد راس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 5 اگست 2020 13:42

تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے وزیر تعلیم کا اہم اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 اگست 2020ء) صوبائی وزیر زیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اسکولز کھولنے کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی سکول 15ستمبرسے ہی کھلیں گے۔مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز 15ستمبرسے کھلیں گے۔

اسکول کھولنے کا دارومدار کورونا وبا پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔اس حوالے سے کورونا ایس او پیز مکمل تیار ہیں۔کورونا ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔مراد سے مزید کہا کہ پندرہ ستمبر سے قبل سکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔
۔قبل ازیں پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے 15 اگست سے سکول کھولنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سکولزفیڈریشن اور چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندش سے کروڑوں طلبہ کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے۔ پرائیویٹ سکولزفیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت15اگست سے تمام سکول کھول دے اوراگرحکومت نے ایسا نہ کیا تو خودسکول کھول دیں گے۔

سکول کھولنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دیاجائے ورنہ لانگ مارچ کیا جائے گا۔ تاریخ میں آج تک کوئی حکومت تعلیم کیلئے سنجیدہ نہیں ہوئی۔ کورونا کے نام پرتعلیم کے ساتھ جوکیاگیاوہ انتہائی افسوسناک ہے۔ سکول کھولنے کے لئے ایس او پیز دئیے گئے مگر حکومت سنجیدہ نہیں۔ سکولوں کی بندش سے 5کروڑ بچے سکول جانے سے محروم ہوچکے ہیں۔ مدارس بچوں سے امتحانات لے سکتے ہیں تو حکومت کیوں نہیں لے سکتی۔

حکومت نے اربوں کی فیس لیکرامتحانات نہیں لیے۔ چیئرمین آل سندھ پرایویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن حیدرعلی نے بھی تعلیمی ادارے فوری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش منظور نہیں، چھ ماہ سے کروڑوں بچوں کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے، سکول بند ہونے سے لاکھوں بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہوگئے ہیں۔ پہلے ہی دو کروڑ سے زیادہ بچے سکولز سے باہر ہیں۔ چائلڈ لیبر بچوں کا اسکول میں واپس آنا مشکل ہے۔ نجی سکولز کی مالی مشکلات کا احساس حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم پاکستان، اور نیشنل کوارڈینیش کونسل فوری طور پر تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرے اور تعلیمی اداروں سے متعلق واضح اور دوٹوک پالیسی کا اعلان کیا جائے۔