سعودی عرب کا انتہائی خوبصورت جزیرہ دُنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچنے لگا

84جزائر پر مشتمل جزائر فرسان کا ساحل اور من موہنے نظارے دلکشی میں کسی جزیرے سے کم نہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 5 اگست 2020 15:55

سعودی عرب کا انتہائی خوبصورت جزیرہ دُنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 اگست 2020ء) سعودی عرب صرف ریگستان اور بنجر علاقوں پر ہی مشتمل نہیں ہے بلکہ یہاں پر اتنے خوبصورت جزائر بھی ہیں کہ یورپی جزیروں اور تفریحی مقامات کے ہم پلہ قرار دیئے جا سکتے ہیں۔ سعودی حکومت نے ان ساحلی مقامات کو دُنیا بھر میں متعارف کرانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ایسے ہی چند جزائر کا مجموعہ فرسان کا علاقہ ہے۔

جس کی خوبصورتی دیکھنے والوں پر سحر طاری کر سکتی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کہا ہے کہ ان کی وزارت جزائر فرسان کے خوبصورت ساحلی علاقوں کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت کے 'میپ' میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سرزمین خوبصورت قدرتی مقامات اور ثقافتی تاریخی مقامات سے مالا مال ہے اور ہم مملکت کے ایسے تمام علاقوں کو یونیسکو میں رجسٹرڈ کرنے کی کوشش کریں گے جو اپنے قدرتی ، تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ جزائر فرسان بحر احمر کے جنوب مشرق میں واقع اور جازان کے ساحل سے 42 کلومیٹر کی مسافت پر ہیں۔ ان کا مجموعی رقبہ 5408 مربع کلو میٹر ہے۔جزائر فرسان 84 جزائر کا مجموعہ ہے۔
ان میں سب سے بڑے جزیرے کا نام فرسان کبیر اور سب سے چھوٹے کا فرسان صغیر ہے۔ ان جزائر میں بسنے والے لوگوں کا زیادہ تر گذر بسر مچھلی کے شکار پرہوتا ہے۔جزائر فرسان کے ساحلی علاقوں پر پہاڑی سلسلے ان کی خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کرتے ہیں۔ ان میں موجود سفید چمکدار ریت، انواع اقسام کی آبی حیات اور جزائر کی سطح پر موجود سبزہ اس کی دلکشی اور خوبصورتی میں اور بھی اضافہ کرتا ہے۔