مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس کے بعد کپتانوں نے غلطی سے ہاتھ ملالیا

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 اگست 2020 16:21

مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس کے بعد کپتانوں نے غلطی سے ہاتھ ملالیا
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5اگست 2020ء ) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز ٹاس کے بعد کپتانوں نے غلطی سے ہاتھ ملا لیا- پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا -قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس کا سکا اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ ہم دو اسپنرز اور تین فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، شاداب خان کو بحیثیت آل راؤنڈ کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے، ہم سہولیات کی فراہمی پر انگلش کرکٹ کے شکر گزار ہیں اور سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے والی ٹیم کو برقررا رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ بین اسٹوکس مکمل فٹ نہیں ہیں اور انہیں کھلانا بڑا رسک ہے لیکن ان کے رنز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں اور وہ ڈریسنگ روم کا اہم حصہ ہیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی دیگر چیزوں کی طرح کھیلوں کی سرگرمیاں بھی تقریباً پانچ ماہ تک معطل رہیں اور کرکٹ کے میدان بھی سونے پڑے رہے۔تاہم ویسٹ انڈیز نے اپنی ٹیم انگلینڈ بھیجنے کی حامی بھری جس کے بعد کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہوئیں اور انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیاب تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی،پاکستان کی ٹیم بھی مارچ میں پاکستان سپر لیگ لے التوا کے بعد سے کوئی سیریز نہ کھیل سکی لیکن انگلینڈ نے دورے کے لیے گرین شھگنل دے کر پاکستان کی سیریز کی سرگرمیاں بحال کیں اور قومی ٹیم اب انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

دوسری جانب کرونا وائرس بحران کے باعث بند دروازوں کے پیچھے بنا شائقین کے کھیلی جانے والی کرکٹ سیریزکے دوران خالی اسٹیڈیم میں مصنوعی تماشائیوں کا شور لگایا جائے گا،مصنوعی تماشائیوں کاشور اور میوزک چلانے کے حوالے سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میں اتفاق ہوگیا ہے، بورڈ حکام کے مطابق مصنوعی شور لگانے کا مقصدکھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پہلے جیسا ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لیے پرانے میچز کی آڈیوز کو استعمال کرنے کے لیے ایڈٹ کیا جا رہا ہے۔