پاکستان نے بھارت کے اقدام کیخلاف یوم استحصال کشمیر منا کر ثابت کردیا ہمارے دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتے ہیں ‘ نعمان لنگڑیال

مقبوضہ کشمیر کی غلامی کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی،بھارتی قابض افواج کے مظالم بہادرکشمیریوں کی آواز کو دبانہیں سکتے مودی کے چہرے سے نقاب اتر چکا، مسئلہ کشمیر کے حل تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوال رہیں گے‘ وزیر زراعت کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 5 اگست 2020 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے بھارت کے اقدام کے خلاف یوم استحصال کشمیر منا کر ثابت کردیا ہے کہ ہمارے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر کی غلامی کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی،بھارتی قابض افواج کے مظالم بہادرکشمیریوں کی آواز کو دبانہیں سکتے،کشمیری بھارتی حکومت کے 5 اگست کے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدام کو مسترد کر چکے ہیں،پاکستان کے 22کروڑ عوام اور کشمیری مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں کشمیریوں سے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے مال روڈ پر نکالی گئی ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات پرپوراپاکستان اور کشمیر سراپا احتجاج ہے، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کے لئے دنیا کے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

مودی کے چہرے سے نقاب اتر چکا، اسکی انتہا پسندی دنیا پر واضح ہو چکی۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوال رہیں گے ،کشمیریوں کو ان کا جمہوری، قانونی اور اخلاقی حق نہ دینا دنیا میں جنگوں کی حوصلہ افزائی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اپنی آزادی اور حقوق کیلئے آواز دبانے کے لئے جبرو استبداد کے بہیمانہ ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی اوروہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں وکشمیر بھارت قبضے سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔