لاہور کے ڈپٹی کمشنر کا سہارا لے کر انجم نثار نے فیڈریشن کے دونوں اجلاس ملتوی کردیئے

یونائٹیڈ بزنس گروپ کی جانب سے اجلاس کیلئے 120پراکسی جمع کرانے کے بعد برسراقتدار گروپ گھبرا گیا،ایس ایم منیر کاروباری برادری ہمارے اقدامات کی تائید کرتی ہے،یو بی جی کی اکثریت پہلے سے بھی زیادہ ہوچکی ہے،سرپرست اعلیٰ یو بی جی

بدھ 5 اگست 2020 19:07

لاہور کے ڈپٹی کمشنر کا سہارا لے کر انجم نثار نے فیڈریشن کے دونوں اجلاس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)میں برسراقتدار بزنس مین پینل کی قیادت اور فیڈریشن کے صدر انجم نثار نے یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی جانب سے 120پراکسی جمع کرائے جانے کے بعد گھبرا کر ایف پی سی سی آئی کا5اگست کو بلایا گیا ایکسٹرا آرڈنری جنرل باڈی اجلاس اور ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس بیک وقت ختم کردیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر اور انکے حامیوں کو یہ خوف تھا کہ یو بی جی کے پاس اکثریت ہے اور وہ اپنے مقاصد پورے نہیں کرپائیں گے جس کیلئے انہوں نے لاہور کے ایک ڈپٹی کمشنر کا سہارا لے کر اجلاس ملتوی کرانے کا حکم نامہ جاری کروایا جبکہ ایف پی سی سی آئی کا کوئی بھی اجلاس کسی ضلع کے ڈپٹی کمشنرکے حکم پر ملتوی نہیں کرایا جا سکتاتھالیکن اجلاس کو ملتوی کراکر بزنس مین پینل نے اپنی شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ جب ہم نے اجلاس کیلئی120پراکسی جمع کرادیں تو برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل کے لوگ اور صدر ایف پی سی سی آئی گھبرا گئے اور صدر فیڈریشن نے لاہور کے ڈپٹی کمشنر کا جعلی لیٹر منگوا کر دونوں اجلاس ختم کرنے کا نادر شاہی حکم جاری کردیا ۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے فیڈریشن کا صدر دفتر کراچی سے لاہور منتقل کرنے کی سازشیں کی جارہی تھیں جس پر ہم نے ایکشن لیا اور پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی نے ہمارا بھرپورساتھ دیاجس کے بعد جنرل باڈی کے ایجنڈے سے فیڈریشن کا دفتر اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ واپس لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ کی اکثریت اب پہلے سے بھی زیادہ ہوچکی ہے اور ملک بھر کی کاروباری برادری ہمارے اقدامات کی تائید کرتی ہے،ہم برسراقتدار گروپ کے غیر قانونی اقدامات کو نہ تو سپورٹ کریں گے اور نہ ہی انہیں کوئی غلط کام کرنے دیں گے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کے تمام رہنماء بزنس کمیونٹی کی خدمت کرتے ہیں اور ہمارے پلیٹ فارم سے منتخب کسی بھی صدر فیڈریشن نے کبھی نادرشاہی حکم جاری نہیں کیا اور نہ ہی اپنے مقاصد کیلئے کسی سرکاری افسر کا سہارا لیا ہے۔