پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا کوویڈ 19 کے متاثرین کو خراج تحسین

بدھ 5 اگست 2020 20:00

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا کوویڈ 19 کے متاثرین کو خراج تحسین
مانچسٹر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ گذشتہ روز مانچسٹر سے سرکاری خبر رساں ادارے کو موصول اطلاعات کے مطابق یہ عمل کوویڈ19 کی وباء سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اختیار کیا گیا۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ اسی ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس کی وباء سے متاثر اور چھ ہزار سے زائدجاں بحق ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں کرونا کا شکار کٴْل تین لاکھ پانچ ہزار افراد میں سی اب تک چھیالیس ہزار افراد اپنی جانیں گنواچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک کرونا کے 1کروڑ 80 لاکھ متاثرین میں سے کٴْل چھ لاکھ اکیانوے ہزارسے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مارچ میں کرکٹ کی تمام سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈکے ساتھ مل کر بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے یہ قدم اٹھایا ہے، جو کھیل کی عالمی سطح پر پذیرائی اور فروغ کا سبب بنے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم 28 مئی سے برطانیہ میں موجود ہے جہاں ای سی بی نے ان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تیاری کی غرض سے ٹریننگ اور پریکٹس کے لئے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے یہ بہت جذباتی لمحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ کا دوبارہ آغاز کررہے ہیں تو وہیں ہم اس وباء سے متاثرہ افرادکے ساتھ کھڑے ہورہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام متاثرین کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کی حمایت کرتی رہے گی۔ وسیم خان نے کہا کہ اس ایک منٹ کی خاموشی کے ذریعے ہم وباء سے لڑنے والے ان صفِ اول کے سپاہیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو بطور طبی عملہ بے لوث محنت سے کام کر تے ہوئے دوسروں کو بچانے کی کوششوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پیرا میڈیکل اسٹاف اس وباء کے دوران ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، جن کی محنت اور لگن کے بغیر نقصان کا تخمینہ کہیں زیادہ ہوتا۔ وسیم خان نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنا باہمی احترام، دونوں بورڈز اور ٹیموں کے درمیان مضبوط باہمی تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دونوں بورڈز کے تعلقات کبھی اتنے مضبوط نہیں رہے اوراب ہم مستقبل میں اسے مزید فروغ دینے کے خواہشمند ہیں تاکہ ایک دوسرے کے تجربے ، علم اور مدد سے فائدہ اٹھاسکیں۔