فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک دن میں 4800 روپے اضافہ

ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 128700 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 110340روپےکی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 5 اگست 2020 19:58

فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک دن میں 4800 روپے اضافہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05اگست2020ء) : فی تولہ سونے قیمت میں ایک دن میں 4800 روپے اضافہ، ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 128700 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 110340روپےکی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت یکدم 130 ڈالر بڑھ کر 2041 ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی ہے جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 4800 روپے اور 4116 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 128700روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 110340روپےکی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب تجارتی خسارے میں 10فیصد کمی اور ملکی برآمدات میں اضافے جیسی اطلاعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کا تسلسل قائم رہا جس کے نتیجے میں انڈیکس کی 39600، 39700 اور39800 پوائنٹس کی 3حدیں عبور ہوگئیں۔

(جاری ہے)

تیزی کے سبب 61اشاریہ23 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 41 ارب77 کروڑ84 لاکھ 63ہزار458 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈ، مارکیٹ ٹریژری بلز اور قومی بچت کی اسکیموں کی شرح منافع بڑھنے سے کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 151پوائنٹس کی مندی بھی رونماہوئی لیکن اس دوران شرح سود میں اضافہ نہ ہونے کی توقعات کے علاوہ سیمنٹ کی مقامی فروخت اور اسکی برآمدات بڑھنے، خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کی خبروں کے باعث سیمنٹ اسٹیل ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن اور فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سےمندی کے اثرات زائل ہوگئے ہیں۔ 358پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 39900پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی۔