پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان میں پہلی مرتبہ پراکٹر بیسڈ آن لائن امتحان کا انعقاد

بدھ 5 اگست 2020 22:06

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات کے زیر اہتمام پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بی اے بی ایس سی / ایسوسی ایٹ ڈگری پارٹ ٹو کا پراکٹر بیسڈ آن لائن امتحان لیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر، کنوینر آن لائن ٹیچنگ اینڈ ایگزامز کمیٹی ڈاکٹر کامران عابد، ڈاکٹر اظہر نعیم، ڈپٹی کنٹرولر رعنا قصر، محسن بلال اور دیگر حکام نے آن لائن امتحان کی مانیٹرنگ کے لئے قائم کئے گئے کنٹرول رومز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر پراکٹر بیسڈ آن لائن امتحان کا کامیاب انعقاد کر کے پنجاب یونیورسٹی نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پراکٹر بیسڈ امتحان پاکستان کے لئے کامیابی کی ایک نئی روداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اورامیدوار آن لائن امتحان کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے تحت پیدا ہونے والی صورتحال میں پنجاب یونیورسٹی نے بی اے بی ایس سی کے آن لائن امتحان لینے کا بیڑہ اٹھایا اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی رہنمائی کے لئے تین کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں اور امیدواروں کو چار شفٹوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے آن لائن امتحان کا انعقاد کرنے والی ٹیم کو شاباش دی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طلبا ء و طالبات کی سہولیات پر مبنی پالیسیاں اختیار کی ہیں اور طلباء وطالبات کی خاطر قوانین نرم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب یونیورسٹی کا نیا چہرہ ہے کہ یونیورسٹی طلباء وطالبات کی سہولیات کے لئے ایسے غیر مثالی اقدامات کر رہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔ امتحان کے پہلے دن انٹرنیشنل ریلیشنز، وومن سٹڈیز، میتھمیٹکس اور اپلائیڈ سائیکالوجی پارٹ ٹو کے امتحانات کا انعقاد کیا گیا۔ آن لائن امتحان چار ستمبر تک جاری رہیں گے۔