کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں، ہندوتوا کا منشور دنیا نے مسترد کر دیا: کامل علی آغا، سلیم بریار

بدھ 5 اگست 2020 22:29

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ نے مسلم لیگ ہائوس لاہور سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار نے کی جبکہ میاں منیر، میاں عمران مسعود، خواجہ وقار، رشید بوٹی، ذوالفقار پپن، عمر شیخ، چودھری ناصر عنایت سرا ایڈووکیٹ، ذوالفقار گھمن، ارشد مغل، خدیجہ فاروقی ایم پی اے، ماجدہ زیدی، کنول نسیم اور دیگر مسلم لیگی رہنمائوں اور کارکنوں نے ریلی میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا اور سلیم بریار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر جتنا مرضی ظلم کے پہاڑ ڈھا لے آزادی کی کرن پھوٹ چکی، کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہے، پوری دنیا ہندوتوا کے منشور کو مسترد کر چکی، کشمیر کی آزادی کے سوا کسی بات پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد دنیا کو دکھانا ہے کہ مظلوم کشمیری 365 دنوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روشن بھارت کا نعرہ لگانے والی بھارتی حکومت ایک مکار اور آمرانہ ذہن کی نشاندہی کر رہی ہے، پاکستان مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی ترجمان ہے، پاکستان کا مکمل سیاسی نقشہ پیش کر دیا گیا ہے، اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کی عالمی تنظیمیں بھارتی حکومت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیروں پر ظلم بند کرے۔ پاکستان مسلم لیگ کی ریلی میں کسان ونگ، علماء ونگ، وکلاء ونگ، لیبر ونگ اور خواتین ونگ نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔