مظلوم کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دیا جائے، وائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور

بدھ 5 اگست 2020 22:47

سکھر۔5 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے 5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام 5 اگست 2019 سے مودی حکومت کے شدید ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ کشمیر میں گذشتہ ایک سال سے نافذ کرفیو اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیری عوام قید ہیں او ر ان کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے اور وہ اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے قابض ہندوستانی حکومت نے اپنے آئین کا آرٹیکل 370 کشمیریوں کیلئے منسوخ کیا تھا۔وائیس چانسلر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مظلوم کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے جموں کشمیر اور لداخ کے علاقوں کو پاکستان کے نقشے میں شامل کیا ہے۔ پاکستانی قوم متحد ہوکر مظلوم کشمیری عوام سے آج یومِ استحصالِ کشمیر کے دن اظہار یکجہتی کررہی ہے۔