ڈی جی نیب جے آئی ٹی کے سربراہ مقرر

شوگرسبسڈی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی نگرانی ڈی جی نیب عرفان منگی کریں گے، اعلامیہ ٹیم میں شوگر انڈسٹری کے معاملات میں تجربہ رکھنے والے ماہرین بھی شامل ہوں گے ، تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب عرفان منگی کریں گے

بدھ 5 اگست 2020 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عرفان منگی کو شوگر سبسڈی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا سربراہ بنا دیا گیا۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں شوگر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق شوگرسبسڈی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں انویسٹی گیشن افسران، فارنزک ماہرین، فنانشنل ماہرین اور لیگل کونسل شامل ہوں گے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیم میں شوگر انڈسٹری کے معاملات میں تجربہ رکھنے والے ماہرین بھی شامل ہوں گے اور اس معاملے کی تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب عرفان منگی کریں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے خود کو نیب افسر ظاہر کرکے فراڈ کرنے والے ملزم کی درخواست پر سماعت کے دوران ڈی جی نیب عرفان منگی کی اہلیت پر سوال اٹھائے تھے۔جسٹس قاضی فائز نے ڈی جی نیب عرفان منگی سے استفسار کیا کہ عرفان منگی صاحب آپ کی تعلیم اور تنخواہ کیا ہے، اس پر ڈی جی نیب نے بتایا کہ میں انجینئر ہوں اور تنخواہ 4 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔

جسٹس قاضی نے سوال کیا کہ کیا آپ فوجداری معاملات کا تجربہ رکھتے ہیں اس پر عرفان منگی نے بتایا کہ میرا فوجداری مقدمات کا کوئی تجربہ نہیں اس پر معزز جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک انجینئر نیب کے اتنے بڑے عہدے پر کیسے بیٹھا ہوا ہی سپریم کورٹ نے ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی کی تقرری اوراہلیت پرسوال اٹھاتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا۔