گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ’’یوم استحصال کشمیر ٹرین مارچ‘‘کے شرکاء کو کراچی سے روانہ کیا

قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے،ظلم و ستم کی سیاہ رات کے خاتمہ کا وقت قریب آچکا ہے، گورنرسندھ کی گفتگو

بدھ 5 اگست 2020 23:02

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ’’یوم استحصال کشمیر ٹرین مارچ‘‘کے شرکاء ..
کراچی۔4 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے بھارت کی جانب سے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پربدھ کو کراچی سے سکھر تک ’’یوم استحصال کشمیر ٹرین مارچ ‘‘کا اہتمام کیا ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل ٹرین مارچ کی روانگی کے موقع پر موجودتھے اور انہوں نے یوم استحصال کشمیر ٹرین مارچ کے شرکاء کو کینٹ اسٹیشن سے الوداع کیا۔

ٹرین مارچ کی قیادت پی ٹی آئی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کررہے تھے جبکہ ٹرین مارچ کی روانگی کے موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی ، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی ، عمائدین شہر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر کے پرچم تھامے تھے اور بھارتی غاصبانہ قبضہ اور مظالم کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔

آج ملک بھر میں بھارتی بربریت، غیرآئینی اقدام اورفوجی محاصرے کا ایک سال پورا ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم استحصال منایا جارہا ہے ۔ یوم استحصال منانے کا مقصد بھارت کے غیر آئینی اقدامات ، فوجی محاصرے اور اس دوران ہونے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے ۔ گورنرسندھ نے ٹرین مارچ کے شرکاء سے ملاقات کی اور ان کے جذبہ کو سراہا ۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ آج کا ٹرین مارچ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے کیونکہ پاکستانی قوم جانتی ہے کہ بھارت ، انسانی اقدار کو پامال کرتے ہوئے کشمیر پر مظالم ڈھا رہا ہے، ظلم و ستم کے شکار اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ظلم و ستم کی سیاہ رات کے خاتمہ کا وقت قریب آچکا ہے ۔ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سیاسی ، مذہبی جماعتوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد ایک پیج پر ہیں آج ہر شخص سراپا احتجاج ہے، گلیوں ، سڑکوں اور شاہراہوں پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا زبردست مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کا دیرپا حل نکالنا ہوگا ،وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر بن کر بھارتی مظالم کو پوری دنیا میں اجاگر کررہے ہیں، وزیراعظم نے واضح کردیا ہے کہ پوری دنیا میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے ۔گورنرسندھ نے کہاکہ 5اگست کو بھارت نے کشمیر کی شناخت چھیننے کی کوشش کی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے جو نقشہ منظور کیا وہ پاکستانیوں کی خواہشات کے مطابق حقیقی نقشہ ہے ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بھارت کے غیرآئینی اقدام اور فوجی محاصرہ کو ایک سال ہوچکا ہے، ایک سال سے کشمیری عوام گھروں میں محصور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہر شہر میں آج کشمیری عوام کے حقوق کے لئے صدائیں بلند ہورہی ہیں۔