پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے،

وزیراعلی سندھ کا یوم استحصال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب تقریب میں گورنرسندھ ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ،پی پی سندھ کے صدر اور دیگر کی شرکت

بدھ 5 اگست 2020 23:02

پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے،
کراچی۔4 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں سب سے پہلے گورنر سندھ عمران اسماعیل ، پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو،فردوس شمیم نقوی اور یہاں آئے ہوئے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہندوستان کی حکومت خاص طور سے جب سے مودی وہاں برسر اقتدار آیا ہے اس نے پورے ہندوستان میں مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائے ہیں وہ کسی سے چھپے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا بھارت نے ایک سال پہلے کشمیر میں غیر آئنی اور غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے کرفیو نافذ کیا تھا وہ دنیا کا طویل ترین کرفیو ہے لیکن اس کرفیو اور ان مظالم کے باوجود ہمارے کشمیری بھائی اور بہنیں اپنے حق خود ارادیت پر قائم ہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے کہ انہیں حق خودارادیت کا حق ملے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب کشمیر ہندوستا ن کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوگا کشمیریوں نے تو فیصلہ کرلیا ہے کہ ان کاجینا مرنا پاکستان کے ساتھ اور اسی طرح ہماری زندگی اورہمارا جینا مرنا بھی کشمیریوں کے ساتھ ہے اور اس پر پوری قوم یکجا ہے ، ہمیشہ اکٹھی رہی ہے اور ہمیشہ متحد رہے گی ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں ایک بار پھر شکر گزار ہوں خاص طورپر گورنر سندھ عمران اسماعیل کہا کہ انہوں نے نہ صرف ریلی میں شرکت کی بلکہ اس مارچ کی رہنمائی بھی کی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے جو مثالی مارچ کیا ہے، یہ پوری دنیا کو ایک پیغام ہے کہ پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے تمام صوبوں کے ہر شہر سے اور اسلام آباد سے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہارکیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا ہے اور کشمیر کے حوالے سے اس اجلاس میں ہم ایک قرار داد پاس کریں گے اور پوری دنیا کو باور کرائیں گے کہ پاکستان کی عوام کبھی بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آزادی کی اس جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب جبر کی طویل رات ختم ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کشمیر ی عوام کے ساتھ یکجہتی ریلی میں بھی شرکت کی اور اس موقع پر گورنر سندھ، صوبائی وزرا اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔