مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں، گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ کا یوم استحصال کے موقع پر منعقدہ ریلی سے خطاب

بدھ 5 اگست 2020 23:04

مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک ہیں، گورنر سندھ اور وزیراعلی سندھ کا یوم استحصال ..
کراچی۔4 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت ، اپوزیشن ، اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والا فرد آج ایک پیج پر ہے کیونکہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں وہ انہیں کبھی بھی کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یوم استحصال کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کمشنر کراچی کی جانب سے منعقدہ ریلی کے موقع پر گتفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے غیر آئنی اور غیر قانونی طور پر کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنایا ہوا ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جس طرح کے ردعمل کی عالمی برادری سے توقع تھی وہ نہیں آیا ۔گورنرسندھ کہا کہ کیا کشمیر میں انسان نہیں بستے کیا ان کے جوانوں کی لاشوں پر انسانوں کے دل نہیں روتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا، وہ کشمیر کا سفیر بن کر دنیا بھر میں کشمیر کا پیغام پہنچا رہے ہیں ۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ہم سب کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مسئلہ پر سب متحد ہیں ، جتنی بھی جماعتیں ہیں وہ کشمیر کے معاملہ پر ایک ساتھ ہیں اور یہ ایک مضبوط پیغام بھارت کے لئے ہے کہ وہ طاقت کے ساتھ کشمیریوں کو توڑ نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت ایک کمزور جبکہ پاکستان ایک مضبوط موقف کے ساتھ کھڑا ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بھارت عالمی میڈیا ، امریکی سینٹرز اور بھارتی اپوزیشن کے رہنماں کو مقبوضہ کشمیر جانے سے کیوں رو ک رہا ہے اس کا مطلب ہے کہ بھارتی غاصب افواج نے وہاں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے اس وقت بھارت پر مودی اور اس کی ہندودتوا سوچ قابض ہے جو بھارت کے ٹکرے کرنے پر لگے ہوئے ہیں ۔

گورنرسندھ نے ریلی میں شریک شرکاکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کا مشکور ہوں جو یہاں جمع ہو کر پوری دنیا کو کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کے معاملہ پر ہم سب ایک ہیں ، بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف پاکستانی قوم ایک پیج پر ہیں ،آج کشمیر کا مقدمہ مضبوط ہوگیا ہے ،ہم بھارت کے جبر و تسلط کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کو بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے ریلی میں شرکت پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔