کشمیر کے اسٹیٹس میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوئی حیثیت نہیں، چین

چین کشمیر ریجن میں صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، وینگ وین بن کا بیان

بدھ 5 اگست 2020 23:22

کشمیر کے اسٹیٹس میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوئی حیثیت نہیں، چین
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) چینی ترجمان دفتر خارجہ وینگ وین بن نے بھارت کے 5اگست کے غیر قانونی یک طرفہ اقدامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کشمیر ریجن میں صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے،مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف واضح اور مستقل ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخ سے رہ جانے والا ایک تنازع ہے، وینگ وین بن نے کہاکہ یہ حقیقت اقوام متحدہ کے چارٹر،متعلقہ سلامتی کونسل. کی قراردادوں اور پاک بھارت باہمی معاہدوں سے ثابت شدہ ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان چینی دفتر خارجہ نے کہاکہ کشمیر کے اسٹیٹس کو میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوئی حیثیت نہیں اور وہ غیر قانونی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو فریقین پرامن طریقہ سے باقاعدہ طور پر مشاورت اور مزاکرات سے حل کریں،پاکستان اور بھارت ہمسایہ ممالک ہیں جن کو ایک دوسرے سے دور نہیں کیا جا سکتا، دونوں ممالک کے مابین ہم آہنگی دونوں ممالک کے مفاد اور عالمی برادری کی خواہشات میں سے ہے۔ ترجمان نے کہاکہ چین سنجیدگی سے امید کرتا ہے کہ فریقین اپنے اختلافات کو بات چیت سے حل کر سکتے ہیں۔