فیس بک نے امریکی صدر ٹرمپ کی ویڈیو پوسٹ ہٹا دی

امریکی صدر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ بچے کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 6 اگست 2020 05:46

فیس بک نے امریکی صدر ٹرمپ کی ویڈیو پوسٹ ہٹا دی
سن فرانسسکو (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اگست 2020ء) فیس بک نے امریکی صدر ٹرمپ کی پوسٹ ہٹا دی ہے۔ امریکی صدر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ بچے کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عوامی رابطے کے بڑے فورم فیس بک نے امریکی صدر کی ویڈیو پوسٹ ہٹا دی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ویڈیو کلپ میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ بچے کورونا کے خلاف قوت مدافعت رکھتے ہیں جب کہ طبی اعتبار سے دیکھا جائے تو کورونا وائرس سے بچوں کی ہلاکتیں بھی سامنے آچکی ہیں
 
فیس بک انتظامیہ کی جانب سے امریکی صدر کے بیان کو نقصان دہ اور کورونا سے متعلق گمراہ کن معلومات پر مبنی قرار دے کر اسے پیج سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے یہ کہنا کہ لوگوں کا ایک مخصوص گروہ کورونا سے مثتثنیٰ ہے، یہ ہماری پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس بریفنگ میں اپنی ویڈیو کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بہت زیادہ بیمار ہونے سے مدافعت سے متعلق بات کی تھی، مطلب یہ تھا کہ بچے بیماری سے جلد صحت یاب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ فیس بک کی جانب سے یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جبکہ انتظامیہ کو اس دباؤ کا سامنا ہے کہ وہ کورونا کے حوالے سے فیس بک پر گردش کرتی غیر مصدقہ معلومات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔