کارگل جنگ کے موقع پر میں نے پونے دو لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ چھوڑ دیا، شعیب اختر

پاک فوج کے ایک جنرل نے مجھ سے پوچھا کہ تم یہاں کیا کررہے ہو، میں نے کہا جنگ ہونیوالی ہے مریںگے تو ساتھ ہی مریںگے: سابق پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 6 اگست 2020 15:44

کارگل جنگ کے موقع پر میں نے پونے دو لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ چھوڑ دیا، شعیب ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2020ء ) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھارت سےتعلقات اور جنگ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کارگل واقعے کے وقت میں نے کاؤنٹی کرکٹ میں پونے دو لاکھ پاؤنڈ کے معاہدے کو ٹھکرادیا تھا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے 44 سالہ شعیب اختر نے کہا کہ کسی کو میری حب الوطنی پرشک نہیں ہونا چاہیے، یہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ 1999ء میں کارگل وار کے دوران میرا پونے دو لاکھ پاؤنڈ اور 2002ء میں اس سے بھی مہنگا معاہدہ ناٹنگھم شائر کے ساتھ ہوا تاہم میں یہ دونوں معاہدے چھوڑ کر آگیا تھا کیونکہ کارگل کی وجہ سے ملک میں جنگ کا ماحول تھا۔

دنیا کے تیز ترین باؤلر شعیب اختر نے مزید کہا کہ میں لاہور کے سرحدی علاقے پر کھڑا تھا، پاک فوج کے ایک جنرل نے مجھ سے پوچھا کہ تم یہاں کیا کررہے ہو میں نے کہا جنگ ہونے والی ہے مریں گے تو ساتھ ہی مریں گےایسی کی تیسی دیکھ لیں گے، میں دو بار کاؤنٹی چھوڑ کریہاں بھارت کے خلاف جنگ لڑنے پہنچ گیا تھا۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے مزید کہا کہ جب گزشتہ برس بھارت کے جہازوں نے پاکستانی حدود میں 5 درختوں کو نشانہ بنایا میں ساری رات پریشان رہا، میری بیوی نے ہاتھ جوڑ جوڑ کر کہا کہ کچھ نہیں ہوا ہے آپ پرسکون ہوجائیں مگر میں کبھی کسی سے لڑوں کبھی کس طرف جاکر سر ماروں جب تک پاکستانی جانبازوں نے بھارت سے بدلہ نہیں لے لیا تب تک میں مجھے سکون نہیں ملا۔