ایل این جی کیس،شاہد خاقان اور ان کے بیٹے سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر

جمعرات 6 اگست 2020 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے بیٹے عبداللہ خاقان سمیت دیگر ملزمان پر ایل این جی کیس میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کر دیا۔نیب راولپنڈی نے سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ایل این جی کیس کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔

ضمنی ریفرنس میں شاہد خاقان کے بیٹے عبداللہ خاقان سمیت پانچ نئے ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جس کے بعد ایل این جی ریفرنس میں ملزمان کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔شاہد خاقان عباسی کی ائیر لائن کے ایم ڈی چوہدری اسلم، ایل این جی ٹرمینلز کیلئے ہائر کیے گئے کنسلٹنٹ فلپ ناٹمین اور ثنا صادق بھی نامزد ملزمان میں شامل ہیں اس کے علاوہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی محمد امین کو بھی نیب نے ملزم نامزد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ضمنی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ائیر لائن کے ایم ڈی چوہدری اسلم کو ائیر لائن کے اکاؤنٹس میں مبینہ منی لانڈرنگ کی رقوم رکھنے اور منتقل کرنے کے الزام پر نامزد کیا گیا، ائیر لائن کے اکاؤنٹس مبینہ کِک بیکس اور منی لانڈرنگ کی رقوم کے لیے استعمال ہوئے۔ضمنی ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ائیر لائن کے اکاؤنٹس سے رقوم عبداللہ خاقان اور دیگر کے اکاؤنٹس میں جاتی رہیں۔