قومی رابطہ کمیٹی نے تعلیمی ادارے15 ستمبر کو کھولنے کاحتمی اعلان کردیا

7ستمبر کو آخری اجلاس بلا کر جائزہ لیا جائے گا، 15ستمبر سے قبل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا کوئی ادارہ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 اگست 2020 16:42

قومی رابطہ کمیٹی نے تعلیمی ادارے15 ستمبر کو کھولنے کاحتمی اعلان کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اگست 2020ء) قومی رابطہ کمیٹی نے تعلیمی ادارے15ستمبر کو کھولنے کاحتمی اعلان کردیا، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 7ستمبر کو آخری اجلاس بلاکر جائزہ لیا جائے گا، 15ستمبر سے قبل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا کوئی ادارہ نہیں ہے۔ انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ حکومت نے کورونا پر قابو پانے کیلئے زبردست اقدامات اٹھائے، لاک ڈاؤن پھرسمارٹ لاک ڈاؤن کا سسٹم آیا، ہم نے ایک مربوط حکمت عملی بنائی، انٹرنیشنل جریدوں میں بھی پاکستان کی تعریف کی جا رہی ہے، پاکستان نے زبردست کام کیا ہے۔

ان سب چیزوں کو دیکھتے ہوئے کچھ سیکٹرز کو بند کیا ہو اتھا، آج این سی اوسی نے فیصلہ کیا ہے کہ جس کی سفارشات پر قومی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تعلیمی ادارے 15ستمبر کو ایک تاریخ دی گئی ہے، آخری نظرثانی7ستمبر کو اجلاس ہوا، جس میں پھر جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو کل سے کھول دیا جائے گا، جبکہ سیاحتی مقامات کے ریسٹورانٹس اور ہوٹلز کو 8اگست کو کھول دیا جائے، جبکہ ملک بھر میں تمام ریسٹورانٹس کوان اورآؤٹ ڈورسروس 10اگست کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی،اسی طرح 10اگست سے سینماء ہالزاور تھیٹرز کو بھی کھول دیا جائے گا۔

کبڈی، رگبی، کشتی کے علاوہ اور شائقین کے بغیر باقی اسپورٹس کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح بیوٹی پارلرز،جم کلب، پارکس، کھولنے کی 10اگست سے اجازت دے رہے ہیں۔ ان سب سیکٹرز کو کھولنے کیلئے ایس اوپیز بنائے جا رہے ہیں۔شادی ہالز بھی 15ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے، میٹرو بسوں میں کھڑے ہوکر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔30ستمبر تک ٹرینوں اور ہوائی سفر کیلئے ایس اوپیز برقرار رہیں گے۔جبکہ یکم اکتوبر سے جہاز میں لوگ نارمل انداز میں سفر کرسکیں گے۔مزارات کو بھی کھولا جارہا ہے، عرس کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔ تمام کاروبار جن میں مارکیٹس، دکانوں، بازاروں پرفوری پابندی ختم کی جارہی ہے، ہفتے اور اتوار کو بھی کام کرنے کی اجازت ہوگی۔