ساہیوال، کسان کپاس کی اچھی پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران سے قریبی رابطہ رکھیں، رانا علی ارشد

جمعرات 6 اگست 2020 18:25

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت رانا علی ارشد نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل ملکی معیشت اور کسانوں کی خوشحالی میں نہایت اہم ہے جس کی زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کسانوں کو بر وقت معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں زیادہ پیداوار کیلئے رہنمائی بھی فراہم کر رہا ہے، کسانوں کو چاہیے کہ وہ کپاس کی اچھی پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مشوروں پر مکمل عمل کریں ۔

یہ بات انہوں نے زرعی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کپاس کی فصل کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ انٹامالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر زراعت ساہیوال محمد فاروق اور ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال شاہد اوردیگر محکموں کے افسران بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی مسلسل کوششوں سے صوبے بھر میں ٹڈی دل کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جو کسانوں کے لئے بہت بڑا ریلیف ہے تاہم ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ ٹڈی دل کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہے۔

ڈاکٹر جلال عارف نے بتایا کہ کپاس کی فصل گزشتہ سال کی نسبت بہت اچھی ہے اور گلابی سنڈی کا کہیں حملہ نہیں تاہم سفید مکھی‘ تھرپس اور تیلے کا حملہ موجود ہے جس کیلئے کسان محکمہ زراعت کے تعاون سے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔انہو ں نے محکمہ زراعت کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ عام کسان سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں محفوظ فصل کیلئے ضروری رہنمائی مسلسل فراہم کرتے رہیں ۔اجلاس میں ڈائریکٹر زراعت محکمہ فاروق نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں ایک لاکھ 90ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی گئی جبکہ کاشت کا ٹارگٹ 2لاکھ20ہزار ایکڑ تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے کپاس کی فصل بہت اچھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :