ڈائریکٹرآرکیالوجی کو تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے ہٹایا جائے،ثمر بلور

جمعرات 6 اگست 2020 18:39

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر کے عجائب گھروں سے گندھارا تہذیب کے قیمتی نوادرات بارے یونیسکو کو خط لکھ دیا جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اپنے ماہرین کی ٹیم بھیج کر تحقیقات کرائیں کیونکہ اطلاعات یہی ہیں کہ یہاں سے جو نوادرات ہٹائے گئے ہیں انکی جگہ جعلی نوادرات رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور اور صوبائی انفارمیشن کمیٹی کے دیگر اراکین رحمت علی خان، تیمور باز خان، صلاح الدین مومند اور حامد طوفان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر آرکیالوجی اس وقت ملزم ہیںاورہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تحقیقات مکمل ہونے تک انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔رکن کمیٹی تیمورباز خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے نئے پاکستان میڈیکل کمیشن آرڈیننس بارے کہا کہ اے این پی اس قانون کو مسترد کرتی ہے پی ایم ڈی سی کو ختم کرکے نیا قانون لایا گیا جسے اسلام آباد ہائیکورٹ مارچ میں مسترد کرچکی ہے۔

اس قانون کے ذریعے اپنے طبی تعلیمی اداروں کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نان ڈاکٹرز کو اس کمیشن کا حصہ بنا کر پورے نظام کو لپیٹنے کی سازش کی جارہی ہے۔ حکومت فوری طور پر اس قانون کو ختم کرے ۔