کاروبار مکمل طور پر کھلنے سے کاروباری برادری کی معاشی مشکلات حل ہونگی‘لاہور چیمبر

جمعرات 6 اگست 2020 19:35

کاروبار مکمل طور پر کھلنے سے کاروباری برادری کی معاشی مشکلات حل ہونگی‘لاہور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب حکومت کی جانب سے صنعتیں، فیکٹریاں اور تعمیرات سے متعلق کاروبار مکمل طور پر کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ کاروبار مکمل طور پر کھولنا لاہور چیمبر کا مطالبہ تھا جسے تسلیم کرکے حکومت نے درست سمت میں قدم اٹھایا ہے، توقع ہے کہ بقیہ کاروباری شعبہ کو بھی فورا کاروبار کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار کھلنے سے صنعتی پیداوار بڑھے گی، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کو آسانی ملے گی ، ملکی معیشت بہتر اور برآمدات بڑھیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کروناکی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال نے کاروباری شعبہ کو بھاری نقصان پہنچایا ، کاروبار کھلنے سے کاروباری برادری بحالی کا عمل شروع کرسکے گی، جو کاروبار بقیہ ہیں انہیں بھی حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دینی چاہیے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور روزگار و محاصل کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کررہی ہے لہذا حکومت اسے خصوصی سپورٹ دے۔