کریم کا اپنے کپتانوں کی بھلائی کے لیے ایک اور عمدہ اقدام

شیوران پاکستان لُبریکنٹس کے ساتھ سمجھوتہ طے پا گیا، کپتانوں کی گاڑیوں کا انجن آئل رعایتی داموں تبدیل کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 اگست 2020 18:36

کریم کا اپنے کپتانوں کی بھلائی کے لیے ایک اور عمدہ اقدام
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 اگست 2020ء) پاکستان سمیت متعدد خلیجی ممالک میں عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے والے کریم پلیٹ فارم کی جانب سے پاکستانی کپتانوں کی بھلائی کے لیے ایک اور عمدہ اقدام لیا گیا ہے، جس سے وہ اپنی گا ڑیوں کا انجن آئل کم قیمت میں تبدیل کروا سکیں گے۔ اس سلسلے میں شیوران (Chevron) پاکستان لبریکینٹس سے سمجھوتہ کیا گیا ہے، جس کے تحت کریم کپتانوں کو لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں تمام Caltex کے آئل چینج مراکز پر رعایتی داموں میں انجن آئل تبدیل کروانے کی سہولت حاصل ہو گی۔


کریم اور شیوران جیسے انٹرنیشنل برانڈز کے اس اشتراک کے باعث کپتانوں کا انجن آئل تبدیل کروانے کا خرچہ خاصا کم ہو جائے گا جو کہ کورونا کے معاشی بحران کے دوران ان کپتانوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

کریم اور شیوران کے درمیان اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں کریم پاکستان کے کنٹری جنرل مینجر اور چیف ایگزیٹو آفیسر ذیشان حسیب بیگ جبکہ شیوران پاکستان لبریکینٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے کنٹری چیئرمین اور ایریا بزنس مینجر احمد زاہد ظہیر کی جانب سے سمجھوتے پر دستخط کیے گئے۔

اس تقریب میں دونوں کمپنیوں کے دیگر عہدے داروں نے بھی شرکت کی۔  اس موقع پر کریم کے کنٹری جنرل مینجر اور سی ای او ذیشان حسیب بیگ نے کہا ”کریم کے کپتان ایک مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، خصوصاً اس (وبائی) دور میں ان کی جانب سے ہمارے صارفین اور کمیونٹیز کو فراہم کی جانے والی بے لوث خدمات کو ہم بہت قدر اور ستائش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اپنے کپتانوں کی صحت و تندرستی اور معاشی معاملات کا خیال رکھنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شیوران پاکستان کے ساتھ ہمارے اس حالیہ اشتراک کی بدولت کپتانوں کو ان کی گاڑیوں کو رواں دواں رکھنے کے لیے مناسب اورکم قیمت پیکیجز کی سہولت دستیاب ہو گی۔ “شیوران پاکستان لبریکینٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے کنٹری چیئرمین احمد زاہد ظہیر نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ”ہم جو بھی کرتے ہیں،لوگوں کی بھلائی، اشتراک اور کارکردگی ہماری اولین ترجیح ہے، اور یہی کریم کا بھی اپنے صارفین کے لیے یہی نظریہ ہے، اسی فکری اشتراک کے ساتھ ہم مستقبل میں مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

شیوران لبریکنٹس انڈسٹری میں اپنی ورلڈ کلاس پراڈکٹس اور سروسز کی وجہ سے اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔“ یاد رہے کہ کریم اپنے کپتانوں اور صارفین کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ اس سے قبل کریم نے اپنے کپتانوں کو کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں انشورنس سکیم بھی متعارف کرائی ہے۔کریم کو حال ہی میں سْپر ایپ کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔

کریم کے پلیٹ فارم پر پانچ لاکھ سے زائد افراد بطور کپتان رجسٹرڈ ہیں۔ کریم کی سْپر ایپ کے ذریعے لوگوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کا سامان پہنچانے کی خدمات، فوڈ ڈلیوری اور کھانے پینے کی اشیاء ، کریڈٹ ٹرانسفر اور موبائل ٹاپ اپ جیسی آسانیاں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔ جبکہ شیوران نے کورونا کی وبا کے دوران ملازمین کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کی خاطر بہت سے ملازمین کے لیے گھر بیٹھے کام کرنے کی پالیسی متعارف کرائی ہے۔ اس کے علاوہ سٹاف اور صارفین سے سماجی فاصلے کی پابندی کروائی جا رہی ہے۔ شیوران کے پلانٹ پر باقاعدگی سے سینیٹائزیشن اور ڈس انفیکشن کروائی جاتی ہے تاکہ تمام کارکنوں کو ایک محفوظ اور ذمہ دار ماحول میسر آ سکے۔