وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کی خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے ‘ نعمان لنگڑیال

کسانوں کو معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کا کردارقابل ستائش ہے ‘ وزیر زراعت

جمعرات 6 اگست 2020 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کو بروقت آگاہی پہنچائی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے نظامت زرعی اطلاعات پنجاب لاہور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب کے چیف ایڈوائزر شاہد قادر ، پی ایس او محمد یامین، ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس اور نجف عباس بھی ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر نے وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال کو خوش آمدید کہا اور دفتری امور کے متعلق بریفنگ دی۔انہوںنے بتایا کہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کے حوالے سے فوری اور بروقت اطلاعات پہنچانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے جس سے میں عملہ کے ہمراہ ایک ٹیم کی صورت میں کام کر رہا ہوں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کسانوں کو معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے کردار کو سراہا اور کام کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسانوں کو معلومات مزید آسانی سے فراہم کی جا سکے۔وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کی خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔