شان مسعود نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور، انضمام الحق یا جاوید میانداد بھی نہ کرسکے

مسلسل تین ٹیسٹ سنچریاں سکور کرنے والے چھٹے پاکستانی بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 6 اگست 2020 19:06

شان مسعود نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور، انضمام الحق یا جاوید ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2020ء ) قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے وہ اعزاز اپنے نام کرلیا جو سعید انور، انضمام الحق یا جاوید میانداد بھی نہیں کرسکے- شان مسعود نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جب اپنی سنچری مکمل کی تو وہ مسلسل تین ٹیسٹ سنچریاں سکور کرنے والے چھٹے پاکستانی بلے باز بن گئے- ان سے قبل ظہیرعباس (83-1982ء میں بمقابلہ بھارت) ، مدثر نذر (1983ء بمقابلہ بھارت)، محمد یوسف (2006ء بمقابلہ ویسٹ انڈیز) ، یونس خان (2014ء میں بمقابلہ آسٹریلیا) اور مصباح الحق(14-2013ء میں بمقابلہ آسٹریلیا و نیوزی لینڈ) یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں- ادھر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے۔

کورونا وائرس کے سائے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی اور اب پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسرے دن پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ وکٹ پر موجود بابراعظم پہلے روز 69 رنز بناچکے تھے تاہم دوسرے روز جیمز اینڈرسن نے انہیں اپنی اننگز کا مزید آگے بڑھانے نہیں دیا اور پہلے ہی اوور میں پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد تجربہ کار بلے باز اسد شفیق بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 7 رنز کے مہمان ہی ثابت ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کا شکار بنے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 2، سٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اور جوفرا آرچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر رہا اور صرف 49 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جس میں پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز بنالیے تھے۔ اوپنر عابد علی صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں جوفرا آرچر نے کلین بولڈ کیا جس کے بعد کپتان اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے، کرس ووکس نے انہیں کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔