پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ہونے چاہئیں اور انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے‘ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تنازعہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پرامن اور باہمی اطمینان بخش حل تلاش کرنے کے لئے پاکستان اور بھارت سے اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق کا بیان

جمعرات 6 اگست 2020 22:30

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس نے تنازعہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پرامن اور باہمی اطمینان بخش حل تلاش کرنے کے لئے پاکستان اور بھارت سے اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔ عالمی ادارہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ہونے چاہئیں اور انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پیش رفت کے لئے باہمی قابل قبول راستہ تلاش کرنے کے لئے کوششوں میں مدد کے لئے اقوام متحدہ کے تعاون کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے منگل کے روز مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اقوام متحدہ کی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

اے پی پی کے نامہ نگار نے ترجمان کو سیکرٹری جنرل کے ایک سال قبل کا بیان یاد دلایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خطہ پر اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قرارداد کا نفاذ ہونا چاہیے جو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا تقاضا کرتی ہے۔

8 اگست 2019ء کو سیکرٹری جنرل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت ایسے اقدامات سے گریز کرے جس سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت متاثر ہوتی ہو۔ ترجمان کو اس حقیقت سے آگاہ کیا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بدستور خراب ہے اور شہریوں پر وحشیانہ مظالم جاری ہیں، جس پر انہوں نے کہاکہ سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش ہے۔ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک اہم اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

ایک سال کے دوران سلامتی کونسل کا یہ تیسرا اجلاس تھا۔ چین کی حمایت کے ساتھ یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر منعقد ہوا جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پاکستان اور بھارت کے لئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ اور اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کی جانب سے بریفنگز دی گئیں۔