مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موجودہ حکومت کے جرات مندانہ اقدام اور پالیسی کی وجہ سے بھارت تنہا ہو گیا ہے، خطے میں پاکستان کی اہمیت بڑھنا حکومت کی سفارتی کامیابی ہے، نیا سیاسی نقشہ اہمیت کا حامل ہے ، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کی تائید ہو گی، پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 6 اگست 2020 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موجودہ حکومت کے جرات مندانہ اقدام اور پالیسی کی وجہ سے بھارت تنہا ہو گیا ہے، خطے میں پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے جو کہ حکومت کی سفارتی کامیابی ہے، نیا سیاسی نقشہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے موقف کی تائید ہو گی۔

جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دیرینہ مسئلہ ہے، سابقہ حکومتوں نے اس ایشو کو صحیح طرح سے اجاگر نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر موثر انداز سے بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے اور اب مغربی دنیا بھی مودی کے آر ایس ایس نظریے کی مذمت کر رہی ہے اور وہاں پر جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اس بارے میں بھی خبریں شائع ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

فرخ حبیب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اب دنیا پاکستان کے موقف کی تائید کر رہی ہے، آہستہ آہستہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو مزید تقویت ملے گی اور بھارت پر دنیا کا دبائو بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ مسلم امہ کو ساتھ لیکر چلنے کی کوشش رہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اب بھی دونوں ممالک ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مسئلہ نیب، بدعنوانی کیسز اور جعلی اکائونٹس ہیں، نیب آزادانہ طور پر بدشعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے اور موجودہ حکومت احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حساس ایشو ہے، اس معاملے پر ہم سب کو قومی سوچ لیکر چلنا چاہیے۔