شراب لائسنس کیس میں تحقیقات مکمل ہونے تک عثمان بزدار عہدے سے الگ ہوں ‘ مسلم لیگ (ن)

عثمان بزدار کے وزیراعلی کے عہدے پر رہتے اپنا سیاسی اثر رسوخ استعمال کرنے کا خدشہ ہے ‘ سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری

جمعہ 7 اگست 2020 14:00

شراب لائسنس کیس میں تحقیقات مکمل ہونے تک عثمان بزدار عہدے سے الگ ہوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عثمان بزدار شراب لائسنس کیس میں تحقیقات مکمل ہونے تک خود کو عہدے سے الگ کریں،عثمان بزدار کے وزیراعلی کے عہدے پر رہتے اپنا سیاسی اثر رسوخ استعمال کرنے کا خدشہ ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پہلے خود کو نیب سے کلیئر کرائیں پھر صوبے کے چیف ایگزیکٹیو بننے کے اہل بنیں،عثمان بزدار گندم اور چینی سکینڈل کے مرکزی کردار تھے ،حیرت ہے نیب نے اس کیس میں بزدار صاحب کو طلب کیوں نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار پرشراب لائسنس کیس بنانے کا مطلب اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے، پنجاب اور وفاق کے کچھ وزراء عثمان بزدار کیخلاف ہی سازشیں کررہے ہیں،پنجاب پورے پاکستان میں کرپشن میں نمبر ون صوبہ بن چکا ہے ،ٹرانسپریسی انٹر نیشنل کی رپورٹ چیخ چیخ کرکہہ رہی ہے موجودہ حکومت سب سے کرپٹ ترین حکومت ہے ،نئے پاکستان میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کیے جارہے ہیں،اب تو بزدار صاحب کے فرنٹ مین کا نام بھی آرہا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاق سے پنجاب تک ہروزیر اور مشیر اپنے من پسند لوگوں کو اربوں کے ٹھیکے دلوارہا ہے ،چندے اور فارن فنڈنگ کی پیدوار جماعت آج قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،نیب نیازی حکومت کی لوٹ مار پر مسلسل آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔