سری لنکن صدر راجا پاکسے کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی

گوٹابایا راجا پاکسے ممکنہ طور پر اپنے بھائی سری لنکا کے سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو وزیراعظم نامزد کریں گے

جمعہ 7 اگست 2020 16:16

سری لنکن صدر راجا پاکسے کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کی پارٹی نے پارلیمنٹ میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل کرلی۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کی پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی۔ راجا پاکسے کی جماعت اور اتحادیوں نے 225 کے ایوان میں 150 ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

سری لنکن صدر نے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے جس کے بعد وہ ایک بااختیار صدر بننے کی پوزیشن میں آگئے اور ملک میں معاشی اور فوجی استحکام کے حوالے سے اپنے ایجنڈے کا نفاذ کے لیے آئینی ترامیم سمیت دیگر تبدیلیاں باآسانی کرسکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق گوٹابایا راجا پاکسے ممکنہ طور پر اپنے بھائی اور سری لنکا کے سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو وزیراعظم نامزد کریں گے۔واضح رہے گوٹابایا راجاپاکسے اور مہندرا راجا پاکسے کی قیادت میں سری لنکن سکیورٹی فورسز نے تمل باغیوں کو کچل دیا تھا اور 37 سالہ علیحدگی پسندی کی جنگ کو ختم کرنے کا سہرا بھی ان ہی کے سر جاتا ہے۔